دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں دھوپ کتنی ہی تیز کیوں نہ ہو کوئی کالا چشمہ نہیں پہن سکتا اور اگر پہن لیا تو پھر اس کی خیر نہیں۔
اس ملک میں دلہنیں اپنی شادی پر سفید گاؤن بھی نہیں پہن سکتیں۔ اگر آپ کسی دوسرے ملک کا گانا سنتے ہیں تو اور بھی مصیبت ہے۔ دشمن ملک کا گانا سُن لیا تو پھانسی طے سمجھیے۔ یہ سب کچھ شمالی کوریا میں ہو رہا ہے۔ یہاں کے حکمران کم جونگ ان جنوبی کوریا کو دشمن ملک سمجھتے ہیں۔ اس لیے کوئی بھی چیز وہ نہیں چاہتے کہ شمالی کوریا کے لوگ اپنائیں ۔ جنوبی کوریا میں شادی کے دوران دلہنیں سفید گاؤن پہنتی ہیں ، یہ ان کے کلچر کا حصہ ہے۔ یہی دیکھ کر شمالی کوریا کی لڑکیاں بھی گاؤن پہننے لگیں۔ اس بات سے کم جونگ ان اتنے خفا ہوگئے کہ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو حکم دے دیا کہ اگر کوئی ایسا کرتا نظر آئے تو اس کو سزا دی جائے۔
سیکیورٹی اہلکار شادی والے گھروں میں داخل ہوجاتے ہیں، وہاں لوگوں کی تلاشی لیتے ہیں کہ کہیں کوئی جنوبی کوریا کے کلچر والے کپڑے تو نہیں پہنے ہیں۔ لوگوں کو فیشن ایبل کپڑے پہننے سے روکا جاتا ہے۔ دلہا دلہن کو اپنی پیٹھ پر نہیں اٹھا سکتا اور ایسا کیا تو سزا طے ہے۔ لوگوں کے فون کی بھی تلاشی لی جاتی ہے تاکہ دیکھا جائے کہ کہیں وہ جنوبی کوریا کے کسی شخص کے رابطے میں تو نہیں ہیں۔
اگر کوئی جنوبی کوریا کے گانے سنتے ہوئے پایا گیا تو اسے سزائے موت تک دی جاسکتی ہے۔ کچھ دنوں پہلے ایک 22 سالہ شخص کو صرف اس لیے پھانسی پر لٹکا دیا گیا تھا کہ اس نے جنوبی کوریا کی میوزک سننے اور وہاں کی فلموں کی سی ڈی بیچنے کا اعتراف کیا تھا حالانکہ بعد میں شمالی کوریا نے اسے من گھڑت رپورٹ بتایا تھا۔
خیال رہے کہ سنہ 2020 میں شمالی کوریا نے ایک قانون بنا دیا تھا جس میں جنوبی کوریا کی فلمیں دیکھنا یا سی ڈی تقسیم کرنے پر سزائے موت دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔