سمانتھا موسٹین نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کی 28 ویں گورنر جنرل سمانتھا موسٹین نے ملک میں برطانوی بادشاہ کے سرکاری نمائندے کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمانتھا موسٹین نے پیر کو کینبرا کے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ سرکاری تقریب کے دوران آسٹریلیا کی 28ویں گورنر جنرل کے طور پر حلف اٹھایا۔

ایک ممتاز کاروباری اور کمیونٹی رہنما سمانتھا موسٹین آسٹریلیا کے گورنر جنرل کے طور پر خدمات انجام دینے والی دوسری خاتون ہیں۔

سمانتھا موسٹین نے تقریب کے بعد خطاب کرتے اپنی ذمہ داروں کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پر امید، جدت پسند اور کام کرنے والی گورنر جنرل ثابت ہوں گی اور وہ اس خدمت اور شراکت کے لیے پرعزم ہیں جس کی تمام آسٹریلوی شہری توقع رکھتے ہیں۔

برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی نمائندہ کے طور پر گورنر جنرل آئینی فرائض انجام دیں گی جن میں باضابطہ طور پر وزیر اعظم اور دیگر وزرا کی تقرری، انتخابات کا حکم دینا اور پارلیمنٹ سے منظور شدہ بلوں کو شاہی منظوری دینا شامل ہیں۔

وزیر اعظم انتھونی البانیز نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ سمانتھا موسٹین ڈیوڈ ہرلی کی جگہ لیں گی، جن کی 5 سالہ مدت اتوار کو ختم ہو گئی ہے۔ 59 سالہ سمانتھا موسٹین نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایک وکیل کے طور پر کیا اور بعد ازاں متعدد کمپنیوں کے بورڈز میں کام کیا جس میں این جی اوز دی کلائمٹ کونسل اور دماغی صحت سے متعلق معاون تنظیم بیونڈ بلیو شامل ہیں۔

گورنر جنرل کے عہدے پر تعینات ہونے سے پہلے وہ حکومت کی خواتین کی اقتصادی مساوات ٹاسک فورس کی سربراہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں، زندگی گزارنے کی لاگت کے بحران اور کورونا وائرس کی وبا کے اثرات میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ ملک کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp