سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’ایکس ڈاٹ کام‘ پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں 3 شیروں اور ایک دریائی گھوڑے (ہپوپوٹامس) کے درمیان لڑائی کا دلچسپ منظر دکھایا گیا ہے، حیرت انگیز طور پر اس میں ہار جنگل کے بادشاہ کی ہی ہوتی ہے۔
شیروں کو اکثر جنگل کے بادشاہ اور جانوروں میں سب سے خطرناک شکاری کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ہم اکثر انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا پر ان کے شکار کی مہارت والی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ تاہم حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کر دیا ہے، جس میں پہلی بار شیروں کو دفاعی پوزیشن اور اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یقیناً آپ نے کبھی کسی شیر کو کسی دوسرے جانور کے حملے کا نشانہ بنتے یا اس سے ڈر کر بھاگتے ہوئے نہیں دیکھا ہو گا، لیکن اس ویڈیو میں آپ دریائی گھوڑے(ہپوپوٹامس ) کو داد دیے بغیر نہیں رہیں گے جس نے تن تنہا 3 شیروں کو نہ صرف بھگا دیا بلکہ شیروں کو یہ پیغام بھی دے دیا کہ جنگل کے بادشاہ تو تم ہو لیکن یہاں پانی کا بادشاہ میں ہوں۔
یہ دلچسپ اور حیرت انگیز ویڈیو کلپ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس ڈاٹ کام پر ’نیچر از ایمیزنگ‘ نامی صارف نے شیئر کی ہے، جو اکثر فطرت سے متعلق دلکش ویڈیوز پوسٹ کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
Maybe it’s just me, but the hippo being able to move that fast through the water is frightening. 🤯
Also, this is the most terrified i’ve ever seen a male Lion!! pic.twitter.com/GDzrjqizZ3
— Nature is Amazing ☘️ (@AMAZlNGNATURE) June 25, 2024
سوشل پلیٹ فارم پر وائرل اس ویڈیو میں 3 شیر وں کو ایک آبی ذخیرے پر تیرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو بظاہر ندی کے دوسرے کنارے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اچانک ایک دریائی گھوڑا (ہپوپوٹامس) ناقابل یقین رفتار کے ساتھ ان کی طرف لپکتا چلا جاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ 2 شیر فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جب کہ دریائی گھوڑا ایک شیر پر نہ صرف حملہ آور ہوتا ہے بلکہ اپنے ’غار‘ جیسے منہ میں اسے دبوچنے کی کوشش کرتا ہے، شیر بچ نکلنے میں کامیاب تو ہو جاتا ہے لیکن ہپو کےحملے کا خوف اس پر نمایاں نظر آتا ہے۔ تینوں شیر پانی سے باہر نکل جاتے ہیں اور ان کے ساحل پر پہنچتے ہی ہپو پر سکون ہو جاتا ہے۔
اس ویڈیو کے شیئر ہونے کے بعد سے اب تک اسے 975,000 سے بار دیکھا جا چکا ہے اور 10,000 سے زیادہ لائکس مل چکے ہیں۔ ہزاروں صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں اور انتہائی حیرت کا اظہار بھی کیا ہے۔
ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’ دریائی گھوڑے(ہپوز )افریقہ کے دیگر جانوروں کے مقابلے میں زیادہ لوگوں کو ہلاک کرتے ہیں‘ جبکہ ایک اور صارف نے ان کی جارحیت اور علاقائی نوعیت کو بیان کیا ہے۔ ایک تیسرے صارف نے تبصرے میں لکھا کہ اس کی رفتار حیرت انگیز ہے، وہ پانی میں تیز بھاگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اپنے بڑے دانتوں سے کسی کو بھی دبوچ سکتے ہیں۔