ویرات کوہلی سے متعلق عمران خان کی پیشگوئی جو بالکل ٹھیک ثابت ہوئی

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ٹی20 انٹریشنل کرکٹ فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کے اعلان کے بعد ان کے بارے میں سابق وزیراعظم عمران خان کا ایک پرانا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھا بیٹسمین بننے کے لیے 3 خوبیاں ہونی چاہئیں۔ ٹیلنٹ،تکنیک اور ٹمپرامنٹ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی میں یہ تینوں خوبیاں موجود ہیں، وہ اسٹروکس بھی کھیلتے ہیں اور چانس بھی نہیں دیتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی تکنیک کے اعتبار سے بہت مضبوط کھلاڑی ہیں۔ گیند کو بڑی جلدی دیکھتے ہیں۔ ان کی موومنٹ اچھی ہے اور وہ ہر لحاظ سے ایک اچھے بیٹسمین ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ضروری ہوتا ہے کہ کھلاڑی اپنی اننگز کو کیسے مینج کرتا ہے اور ویرات کوہلی پریشر میں بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ سارے ریکارڈز توڑ دیں۔

 ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر کے موازنہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکر کا کافی لمبا کریئر تھا۔ انہوں نے طویل عرصہ تک پرفارم کیا ہے۔ آئندہ 2، 3 برس بعد ہوسکتا ہے ویرات کوہلی اُن سے بھی بہتر ہو جائیں۔

اویس حمید لکھتے ہیں کہ تقریباً 10 سال قبل عمران خان نے ویرات کوہلی کو سچن ٹنڈولکر سے بہتر بلے باز قرار دیا تھا اور پیش گوئی کی تھی کہ وہ تمام ریکارڈ توڑ دیں گے۔

ایک صارف نے کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان ویرات کوہلی کی خوبیاں بیان کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ میچ کے بعد ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما نے ٹی 20 کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp