اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی محمد سلمان نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی ڈیلی الاؤنس پر کھیلتے ہیں، ڈومیسٹک میچز میں ایک کھلاڑی کو فی میچ 3 سے 4 ہزار روپے دیے جاتے ہیں، حکومت اور فیڈریشن کی طرف سے کوئی تعاون نہیں کیا جاتا، حتیٰ کہ کھلاڑی بوٹ بھی اپنے پیسوں سے خرید کر لاتے ہیں۔
وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 13 سال بعد پاکستان کی ہاکی ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی، یہ ہمارے کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اور ہم نے ثابت کیاکہ ہاکی کا کھیل ابھی پاکستان میں ہے۔
مزید پڑھیں
محمد سلمان نے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ موجود ہے مگر حکومت اس کھیل کو سپورٹ نہیں کرتی، پہلے فیڈریشن سپورٹ کرتی تھی لیکن اب اس نے بھی ہاکی ٹیم کے ساتھ تعاون کرنا بعد کردیا ہے۔
’ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑی ڈیلی ویجز پر کھیلتے ہیں‘
انہوں نے کہاکہ ڈومیسٹک میں ہر کھلاڑی کو میچ فیس 3 سے 4 ہزار روپے دی جاتی ہے، عالمی سطح پر اگر ہم کھیلنے کے لیے جائیں تو 200 ڈالر فی کھلاڑی کو دیا جاتا ہے جو کہ بہت کم ہے، ہم ملک کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو جوتے تک لے کر نہیں دیے جاتے۔ ’ہاکی گراؤنڈ میں استعمال ہونے والے شوز تقریباً 50 ہزار روپے کے آتے ہیں‘۔
’بھارت کا ہاکی کا سالانہ بجٹ 3 ارب اور ہمارا 35 لاکھ ہے‘
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ہاکی کے کھلاڑی محمد سلمان نے کہاکہ بھارت رینکنگ پوزیشن میں ہم سے آگے ہے، ان کی حکومت نے 2008 کے بعد اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا شروع کیا اور وہ عالمی رینکنگ میں چوتھے یا پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی ہاکی ٹیم کا سالانہ بجٹ 3 ارب روپے ہے اور ہمارا 35 لاکھ ہے، ہماری حکومتوں کی توجہ اب کھیلوں پر نہیں رہی، اس لیے ہم پیچھے ہوتے جارہے ہیں۔
’سینٹرل کنٹریکٹ بحال کیا جائے‘
انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل تک ہاکی فیڈریشن کی طرف سے کھلاڑیوں کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ کیے جاتے تھے لیکن جب عمران خان کی حکومت آئی تو یہ بند کردیے گئے، جس سے کھلاڑیوں کو کافی نقصان ہوا، حکومت کو چاہیے کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ دوبارہ سے شروع کرے، کرکٹ کی طرح ہاکی کی بھی لیگز ہونی چاہییں، جس سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔
’اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں ہماری پینلٹی اسٹروک کی تیاری نہیں تھی‘
محمد سلمان نے بتایا کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنا ہمارے لیے بڑی بات تھی، اور ہم نے فائنل میچ میں بھرپور محنت کی، لیکن ہمارے ہارنے کی وجہ پینلٹی اسٹروک تھے کیونکہ ہمارے کھلاڑیوں نے اس کی تیاری کی ہی نہیں تھی جس کی وجہ سے ناکامی ہوئی جبکہ جاپان کی ٹیم پینلٹی اسٹروک میں ماہر تھی، اسی کمی کی وجہ سے ہم اذلان شاہ ٹورنامنٹ کا فائنل ہار گئے، مگر اب دوبارہ محنت کررہے ہیں، اب ایشیا کپ آنے والا ہے جس کی تیاری کی جارہی ہے۔