‘خواتین گھر نہ بیٹھیں، جم جائیں’، 70 سالہ کک باکسر کا مشورہ

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے شہر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی شہناز پروین 70 سال کی عمر میں جسم کو متوازن رکھنے کے لیے کک باکسنگ اور مارشل آرٹس سیکھ رہی ہیں۔

مقامی اکیڈمی میں گزشتہ ایک سال سے ٹریننگ لینے والی شہناز پروین کے جوڑوں میں درد رہتا تھا، وہ سہارا لے کر چلتی تھیں جبکہ ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ جب تک دوائی لیتی رہیں گی، ٹھیک رہیں گی۔

انہوں نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ دوائی کی وجہ سے ان کا معدہ متاثر ہونے لگا تو  کسی نے مشورہ دیا کہ یہاں قریب ہی اکیڈمی ہے جہاں ورزش کرواتے ہیں۔ وہ بھی ورزش کرنے جانے لگیں۔

شہناز کہتی ہیں کہ انہوں نے اکیڈمی میں  بہت کچھ سیکھا۔ جو بوڑھی عورتیں چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتیں، انہیں ورزش کرنے کے لیے جم جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا’ جو لوگ کہتے ہیں کہ بزرگ لوگوں کو ورزش نہیں کرنی چاہیے وہ بالکل غلط کہتے ہیں۔ میری ٹانگیں بالکل بھی کام نہیں کرتی تھیں، ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ تھا، مہروں میں شدید درد رہتا تھا لیکن اب میں بہت بہتر ہوں۔‘

’اکیڈمی میں ٹرینرز مجھے مجھے اپنی ماں کی طرح سمجھاتے ہیں، بہت خیال کرتے ہیں۔ روزانہ دو گھنٹے ورزش کے ساتھ ساتھ باکسنگ اور پش اپس بھی لگاتی ہوں۔ میں ہر طرح کی ورزش کرتی ہوں۔ پش اپ حالانکہ مشکل ہوتا ہے لیکن میں کر لیتی ہوں۔‘

شہناز پروین کہتی ہیں’سب بڑی عمر کی خواتین کو ورزش کرنی چاہیے، اس سے صحت متوازن رہتی ہے۔ میں باکسنگ کے مقابلے اکیڈمی کی بچیوں کے ساتھ کرتی ہوں۔ مجھے پہلے بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں کا سامنا تھا لیکن اب میں اپنے آپ کو مکمل صحتمند محسوس کرتی ہوں۔ اپنی صحت کے لیے بہت محنت کرتی ہوں۔ سب خواتین کو کہتی ہوں کہ کوئی بوڑھا نہیں ہوتا، گھر سے نکلو چلو پھرو، ورزش کرو اپنی زندگی کو آسان بناؤ ، دواؤں کا سہارا مت لو، میں اس وقت 70 سال کی ہو گئی ہوں۔ میں اپنے آپ کو بوڑھا نہیں سمجھتی تو باقی کیوں سمجھیں؟ ‘

شہناز پروین کے ٹرینر مدثر ہنگار کہتے ہیں’ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ اس عمر کی خواتین ہمارے پاس آتی ہیں اور سیکھتی ہیں۔ ہم ان کو یوگا اور دیگر ورزشیں کرواتے ہیں۔ ہمیں مشکل اس وقت پیش آتی ہے کہ اس عمر میں ان کی ہڈیاں اتنی طاقتور نہیں ہوتیں تو سخت ورزش نہیں کر سکتیں، ہم ان کو آسان ورزشیں کرواتے ہیں۔ شہناز کے بچے اب کہتے ہیں کہ ہماری والدہ صحتمند ہو گئی ہیں۔ ‘

شہناز پروین کہتی ہیں کہ آج کل ہماری خواتین چالیس سال کی عمر میں ہی بستر سے لگ جاتی ہیں اور دواؤں پر چلی جاتی ہیں۔ ان سے یہ ہی کہوں گی کہ ایک بار ورزش شروع کرو پھر دیکھو کتنی جلدی صحت میں توازن آ جائے گا۔

مزید جانیے اس ویڈیو میں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp