’ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کپتان کی نیت صاف ہونا ضروری ہے‘، شعیب اختر تنقید کی زد میں

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کپتان کی نیت صاف ہونا ضروری ہے، ٹرافی وہی اٹھاتا ہے جس کی نیت صاف ہو۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ہمیں اندر کی سب باتیں پتا ہیں آپ ایسے ہی چیمپیئن نہیں بنتے اس کے پیچھے پورا پراسیس ہوتا ہے کہ ہمارا ملک جیت جائے، ورلڈ کپ کی عزت ایسے چلتے ہوئے نہیں مل جاتی۔

شعیب اختر کی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں کسی کا کہنا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک بات کر رہے ہیں جبکہ کئی صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لیا، ایک صارف نے کہا کہ شعیب اختر اور محمد حفیظ نے ورلڈ کپ ٹرافی کیوں نہیں اٹھائی تھی کیا ان کی نیت بھی ٹھیک نہیں تھی۔

ہاشی خان نے شعیب اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محنت اور ٹیم ورک کے بارے میں کوئی بات نہیں کرے گا لیکن یہ ضرور کہیں گے کہ نیت صاف ہونی چاہیے۔

ایک ایکس صارف نے شعیب اختر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی ہیں نا جو انڈین کرکٹر بھمرا کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ ختم ہو گیا ہے اس کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔

شفقت رسول لکھتے ہیں کہ محمد حفیظ نے 2 ورلڈ کپ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی لیکن کوئی بھی ورلڈ کپ نہیں جیتا کیا ان کی بھی نیت خراب تھی۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو تمام فارمیٹس میں ٹیم سے نکال دیں، آپ دیکھیں گے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دوبارہ فارم میں آئے گی۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے ویرات کوہلی کو نمبر ون بیٹر اور روہت شرما کو نمبر ون کپتان قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp