200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل اتنا زیادہ کیوں؟

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان بھر میں اس وقت 200 یونٹ بجلی  استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں اضافے  کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ تقریباً ہردوسرا فردسوشل میڈیا پر بجلی کے بلوں کےحوالے سےتبصرہ کرتا نظرآرہاہے۔

200 یونٹس بجلی کے استعمال کی کہانی کیا ہے اور اس حوالے سے اتنی بحث کیوں ہو رہی ہے؟

بجلی کے بلوں کے حوالے سے سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دراصل بجلی استعمال کرنے والےصارفین کو مختلف سلیبز اور کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان کیٹگریز میں پروٹیکٹڈ، اَن پروٹیکٹِڈ صارفین شامل ہیں جبکہ ان کے بل میں اضافہ یا کمی ان کیٹیگریز پر ہی منحصر ہے۔

پروٹیکٹِڈ صارفین وہ ہیں جو ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں اور ان کی 200 یونٹ استعمال کرنے کی 6 ماہ کی ہسٹری برقرار ہو۔ جبکہ اَن پروٹیکٹڈ صارفین وہ ہیں جو ماہانہ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں۔

وہ صارفین جو بے شک پروٹیکٹِڈ کیٹیگری کے زمرے میں آتے ہیں لیکن 6 ماہ کے دوران کسی ایک بھی مہینے میں ان کا بل 200 یونٹ کے بجائے 201 یونٹ پر چلا جائے تو ایسے صارفین بھی اَن پروٹیکٹِڈ کیٹیگری میں چلے جاتے ہیں، جس سے ان کے بل پر عائد دیگر ٹیکسز بھی بڑھ جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ 200 یونٹس والے صارفین پروٹیکٹِڈ کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں اور پروٹیکٹِڈ کیٹیگری کے وہ صارفین جو 200 یونٹس استعمال کر رہے ہوتے ہیں، انہیں بجلی کے فی ٹیرف کی قیمت 10.06 روپے پڑتا ہے، یہاں تک تو تمام صارفین بجلی کے بل سے متفق ہیں۔

 

 

 

مگر حال ہی میں نیپرا کی جانب سے بجلی کے فی ٹیرف قیمتوں کو کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے اس کی وجہ سے بجلی کے بلوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اب اگر وہ شخص جو پچھلے 6 مہینے سے 200 یونٹس تک بجلی استعمال کر رہا ہے۔ اس کو بجلی کے فی ٹیرف کی قیمت 10.06 روپے چارج ہو گی۔

لیکن اگر کوئی شخص گزشتہ 6 ماہ میں 1 بار بھی 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرتا ہے تو وہ اَن پروٹیکٹِڈ صارفین کی کیٹیگری میں آ جائے گا۔ یوں اسے بجلی کا فی ٹیرف 10.06 کے بجائے 22.95 روپے چارج ہو گا اور پھر بجلی کے بل پر جو ٹیکسز عائد کیے جاتے ہیں وہ بھی انہی یونٹس کے مطابق ہی عائد کیے جاتے ہیں۔  واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بجلی کے بل زیادہ آنے کی وجہ بھی یہی ہے۔

اَن پروٹیکٹِڈ صارف پروٹیکٹِڈ صارفین کی کیٹیگری میں کیسے منتقل ہوسکتا ہے؟

اگر کوئی صارف اَن پروٹیکٹِڈ صارف پروٹیکٹِڈ صارفین کی کیٹیگری میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اس کے لیے یہ چیز ضروری ہے کہ وہ کم از کم 6 مہینے تک بجلی کا استعمال 200 یونٹ تک محدود کردے۔

جب مسلسل 6 مہینے تک وہ بجلی کے 200 یونٹ استعمال کرتا رہے گا تو وہ پروٹیکٹِڈ صارفین کی کیٹیگری میں شامل ہوجائے گا۔

بجلی کے بل میں کون کون سے ٹیکسز عائد کیے جاتے ہیں؟

بجلی کے بل میں جنرل سیلز ٹیکس، ٹی وی فیس، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز، فنانس چارجز اور کواٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ چارجز شامل ہوتے ہیں۔

لیکن یہ تمام ٹیکسز پروٹیکٹڈ صارفین پر عائد نہیں کیے جاتے، پروٹیکٹِڈ کیٹیگری کے صارفین کے بل میں صرف جنرل سیلز ٹیکس، فنانس چارجز اور کواٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ چارجز عائد کیے جاتے ہیں۔

اسی طرح اَن پروٹیکٹِڈ صارفین کے بل میں جنرل سیلز ٹیکس، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز، فنانس چارجز اور کواٹرلی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ چارجز کے علاوہ ٹی وی فیس بھی ٹیکس کی مد میں لی جاتی ہے۔

لیکن واضح رہے کہ اِن ٹیکسز کی شرح بھی پروٹیکٹِڈ یا اَن پروٹیکٹِڈ صارف کے استعمال کیے گئے یونٹس پر ہوتی ہے۔ مطلب یہ کہ جتنے یونٹس ایک صارف استعمال کرے گا، اس کے بل میں ٹیکسز کی شرح بھی اسی کی بنیاد پر عائد کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp