طاغوت فیم ساحل عدیم کے لیے عزبہ عبداللہ نے نیا ویڈیو پیغام جاری کردیا

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام مکالمہ سے وائرل ہونے والی لڑکی عزبہ عبداللہ جنہوں نے اسپیکر ساحل عدیم کو خواتین کو جاہل کہنے پر معافی کا مطالبہ کیا تھا انہوں نے ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 55 فیصد خواتین ہیں اور ساحل عدیم نے ان کو جاہل کہا ہے ہم اس طرح کا بیان کیسے برداشت کرسکتے ہیں۔

عزبہ عبداللہ نے کہا کہ ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں کارہائے خدمات انجام دے رہی ہیں، شروع میں ساحل عدیم سے صرف میرا مطالبہ تھا کہ معافی مانگیں اب تمام پاکستانی خواتین بھی یہی چاہتی ہیں۔

عزبہ کی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ صحافی سحرش مان لکھتی ہیں کہ طاغوتی طاقتوں کو آئینہ دکھانے پر شاباش۔

شاد احمد نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کو اپنے حقوق اور معاشرے میں اپنی حیثیت کے لیے خود لڑنا ہوگا، حق اور رتبہ کوئی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا ہے۔ آپ نے ٹی وی پروگرام میں اپنے لیے آواز اٹھائی آپ کی ہمت و جرات کو سلام۔

عظیم بٹ لکھتے ہیں کہ اب ہم نئے ٹرینڈ کے انتظار میں ہیں لیکن ساحل عدیم اب طاغوت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

واضح رہے کہ موٹیویشنل اسپیکر ساحل عدیم نے کہا تھا کہ ملک کی 95 فیصد خواتین جاہل ہیں جس پرعزبہ عبداللہ نامی لڑکی نے کہا کہ ساحل عدیم خواتین سے معافی مانگیں۔

عزبہ کا مؤقف تھا کہ یہاں بیٹھ کر ایک مرد یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ کتنے فیصد خواتین جاہل ہیں، اور دوسرا طاغوت کی بات کرنے پر کیا آپ جانتے ہیں اسلامی نظریاتی کونسل کا کیا ردعمل ہوگا، آپ کو پہلے معافی مانگنی چاہیے؟

لڑکی کی جانب سے بار بار معافی کے مطالبے پر ساحل عدیم نے جواب دیا جس کو ایک چیز کا پتہ نہ ہو تو اس کو کیا کہتے ہیں؟ اس کو جاہل اس لیے کہیں گے کہ جاہل کو جاہل کہنا اسلام میں پہلا فرض ہے۔ لڑکی نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ  آپ نے جاہل کہہ دیا تو آپ معافی مانگ لیں، آپ کا کیا جاتا ہے۔ اس پر ساحل عدیم نے کہا کہ میں اس بات پر معافی مانگتا ہوں کہ میری بچیاں جاہل ہیں اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔

 عزبہ عبداللہ اسی نجی چینل میں ایک جونیئر تجزیہ کار اور مواد تخلیق کار کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نےدیگر نیوز چینلز پربھی کام کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ عزبہ نے شہرت حاصل کرنے کے لیے یہ سب کیا جبکہ کئی صارفین ایسے بھی ہیں جو انہیں سراہتے نظر آتے ہیں اور ان کے عمل کی حمایت کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp