مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کو طول دیا جا رہا ہے، شبلی فراز

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ واضح ہو چکا ہے کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوئے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنےمیں ناکام رہا ہے۔

منگل کو مخصوص نسستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کو طول دیا جا رہے اور اس حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اگر مقدمے کو طول دیا گیا تو اس سے ملک میں مزید سیاسی عدم استحکام آئے گا، جب سیاسی عدم استحکام آئے گا تو یقیناً ملک میں بحرانی کیفیت بھی پیدا ہو گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوئے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں بھی ناکام رہا ہے اسے الیکشن کمیشن کی نالائقی سے تعیبر نہیں کیا جا سکتا بلکہ اسے بدنیتی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق مقدمے کا جلد از جلد فیصلہ سنائے تاکہ ملک کو سیاسی بحران سے نکالا جا سکے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو عوام نے منتخب کیا اگر وہ پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے اس وقت تک پارلیمنٹ مضبوط ہو سکتا ہے نہ ہی جمہوری نظام آگے بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اسمبلی میں جو لوگ بیٹھے ہیں وہ فارم 47 کی پیداوار ہیں وہ عوام کی نمائندگی کے اہل نہیں ہیں، اس کا ایک نتیجہ یہ بھی سامنے آیا کہ حالیہ بجٹ میں عوام پر معاشی حملہ کیا گیا، لوگوں کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا گیا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت آئے روز تباہی کی طرف جا رہی ہے اور اس کی اصل وجہ بھی ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کا نہ ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو پاکستانی عوام کے ساتھ کوئی غرض یا ہمدردی نہیں،اگر عوام کے منتخب نمائندے ایوان میں نہیں بیٹھیں گے تو پھر آپ کے معاشی فیصلے آئی ایم ایف جیسے ادارے ہی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp