اسلام آباد میں مرد کلرک کو ہراساں کرنے پر خاتون کیخلاف شکایت درج

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہراسانی کیخلاف عورتوں کے تحفظ کے لیے قائم وفاقی محتسب کی عدالت میں اسلام آباد کے ایک کالج کلرک کی جانب سے خاتون پرنسپل کیخلاف دورانِ ملازمت ہراساں کرنے کی شکایت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات جی11 میں تعینات کلرک کی جانب سے مبینہ طور پرڈیوٹی کے دوران ہراساں کرنے پرکالج پرنسپل کیخلاف وفاقی محتسب کی عدالت میں شکایت درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد وفاقی نظامت تعلیمات نے اس ضمن میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہراسانی کے الزام کے بعد کالج پرنسپل وفاقی محتسب کی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے فریقین کو 7 جولائی کو عدالت میں پیشی کا آخری نوٹس دیدیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہراسانی کیخلاف عورتوں کے تحفظ کے لیے قائم وفاقی محتسب کو موصول ہونیوالی یہ شکایت اپنی نوعیت کی شاید پہلی ہے جس میں کسی مرد نے ملازمت کے دوران اعلیٰ عہدے پر فائز خاتون کیخلاف ہراسانی کی شکایت درج کرائی ہے، درخواست گزار کے مطابق مذکورہ خاتون پرنسپل نے ان کے کالج میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp