’ن لیگ کے رہنماؤں پر جھوٹے کیسز بنائے گئے‘ فواد چوہدری کی ویڈیو وائرل

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ سے یہ دعویٰ کرتی آئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ان کے خلاف انتقام لینے کے لیے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔

اب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ایک کلپ سماجی رابطوں کی سایٹ ایکس پر شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب مسلم لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی پر کیسز بنائے گئے تھے اس وقت انہوں نے کابینہ میں یہ کیسز بنانے کی مخالفت کی تھی اور یہ نقطہ اٹھایا تھا کہ آج ہم ان کے خلاف کیسز بنا رہے ہیں تو کل ہم پر بھی بنیں گے، یہ ظلم کیا جا رہا ہے، کیسز غلط ہیں آپ ایسا نہ کریں۔

احسن اقبال نے فواد چوہدری کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات عمران نیازی کی کابینہ کے اراکین سے گواہی دلوا رہی ہے کہ مجھ سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پہ جھوٹے کیسز بنائے گئے۔

صفدر علی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے بھی اس ملک میں ایسا ہوتا رہا ہے، جھوٹے کیسز بنانے میں کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اسے احتساب کا نام دے کرعوام کو دھوکے میں رکھا۔

منیب انجم نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ بھی تسلیم کریں کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں بشمول خواتین پر غلط مقدمے بنائے گئے ہیں اور آپ الیکشن میں ہارنے کے باوجود سلیکٹ ہوئے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ آج ہمارا نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ ہمیں تبدیلی اور ایک بار پھر سے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا اگر آج بھی ہم مل کر نہ بیٹھے  مکمل ناکامی کی طرف بڑھیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں ن لیگ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کی شکایت تھی اور اب یہی شکایت تحریک انصاف کے رہنما بھی کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کے خلاف بنائے جانے والے مقدمات قانونی نہیں بلکہ سیاسی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp