بجلی کے بل بموں کی صورت میں لوگوں کے سروں پر گررہے ہیں،حافظ نعیم الرحمان

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ڈومور کا مطالبہ کررہا ہے، ماضی میں بھی غیروں کی جنگ میں ڈومور مطالبہ ماننے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا تھا، بجلی کے بل بموں کی صورت میں لوگوں کے سروں پر گررہے ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم موجود ہے، بہت شور سنا تھا ہم نے کہ یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے گا، لیکن یکساں نظام تعلیم کہاں ہے، ہر ایک کے لیے تعلیم کا الگ الگ اسٹیٹس ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈالر کی قدر کم ہونے پر مہنگائی بھی کم ہونی چاہیے، حافظ نعیم الرحمن

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جس ملک میں لوگوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل کردیا گیا ہو، لوگوں کو صحت کی سہولتیں میسر نہ ہوں اور لوگوں کو امن بھی خرید کر حاصل کرنا پڑتا ہو، اپنی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گارڈز رکھنے پڑتے ہوں، غریب کا گزارہ مشکل سے ہورہا ہے اور حکمران طبقہ انہی غریبوں پر ٹیکس کا بوجھ ڈال رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف مزید مطالبات کررہا ہے، جو غلام ہیں انہوں نے پہلے بھی ڈومور کے مطالبے پر پاکستان کا بڑا غرق کردیا تھا، جو ہماری جنگ نہیں تھی، ڈیڑھ سے 200 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، 70 ہزار سے ایک لاکھ تک لوگ شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: حکومت بجلی و پیٹرول بم گرا رہی ہے، جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، حافظ نعیم الرحمان

’ملک میں دہشتگردی پروان چڑھی، بلیک واٹر، سی آئی اے، را آ گئے پاکستان میں، اور یہ ڈومور کا مطالبہ مانتے رہے،اب  معاشی دہشتگردی ہورہی ہے، اس میں ڈومور کہا جارہا ہے کہ مزید ٹیکس لگاؤ۔‘

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے نے گزشتہ سال 375 ارب روپے انکم ٹیکس کی صورت میں دیا، یہ تو وہ ٹیکس ہے جو سیلری سے کٹ جاتا ہے، اس طبقے کو بجلی بلوں میں بھی ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا؟ حافظ نعیم الرحمان کا وزیراعظم سے سوال

انہوں نے کہا ’میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ سے سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا، آپ نے اگر بجٹ کے ذریعے آئی ایم کے اہداف حاصل کرنے ہی ہیں تو بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں، جن کی زمین ایک ہزار ایکڑ سے زیادہ ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں : اب میثاقِ معیشت نہیں حسابِ معیشت ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کی سمیں بند کرکے ملک میں افراتفری پیدا کررہے ہیں، آپ سارے عوام کی سمیں بھی بند کردیں تو آپ 30 فیصد اہداف بھی حاصل نہیں کرسکتے، لیکن اگر ڈیڑھ فیصد جاگیرداروں پر ٹیکس لگا دیں تو اس سے کہیں ذیادہ پیسے جمع ہوسکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی کے بل بموں کی صورت میں لوگوں کے سروں پر گررہے ہیں، عوام پریشان ہوگئے ہیں کہ کریں تو کریں کیا، کہاں جائیں، اسی صورتحال میں ممبران اسمبلی کے الاؤنسز میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

 جماعت اسلامی کا ’حق دو عوام کو ‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ’حق دو عوام کو ‘ تحریک  شروع  کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔  ’ ہم عام آدمی کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، ہم کسی پارٹی کے ساتھ دھرنا نہیں دیں گے، ہماری سیاسی جماعتیں کنفوژن کا شکار ہیں، پارٹیوں کے اندر دھرے بندیوں کی باتیں ہورہی ہیں ، اس لیے جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر دھرنا دے گی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp