معطل اراکین کی بحالی تک پنجاب اسمبلی میں نہیں جائیں گے، اپوزیشن

بدھ 3 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سنی اتحاد کونسل نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے ایم پی اییز کی رکنیت بحال نہیں کی جاتی وہ پنجاب اسمبلی کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پنجاب اسمبلی کے اختتامی بجٹ سیشن میں تقریر کے دوران اپوزیشن کا مسلسل سراپا احتجاج رہے تھے جس پر اپوزیشن کے 11 ارکان کو معطل کردیا گیا تھا۔ اس پر اپوزیشن ابھی تک سراپا احتجاج ہے اور بدھ کو بھی سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے باہر علامتی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی: مریم نواز کی تقریر کے دوران ہنگامہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو مہنگا پڑگیا

اراکین اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ اسمبلی کے گیٹ کے باہر ہونے والے اپوزیشن کے احتجاجی اجلاس میں فارم 45 کے مطابق جیتنے والے ارکان سے حلف لیا گیا۔

اس موقع پرپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، ایم پی اے اعجاز شفیع، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت دیگر رہنما بھی اسمبلی گیٹ پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن چیمبر کو تالے کیوں لگائے گئے؟

اسمبلی کے گیٹ پر اپوزیشن نے کرسیاں لگا دی تھیں جہاں اپوزیشن کے ارکان پنجاب اسمبلی سمیت دیگر رہنماﺅں کی آمد جاری رہی۔ پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

فارم 47 کی وزیر اعلیٰ کو نہیں مانتے، اپوزیشن لیڈر

پنجاب اسمبلی کے سامنے اپوزیشن کے علامتی احتجاجی اجلاس کے موقعے پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان کی رکنیت جب تک بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس جعلی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور جعلی وزیراعلیٰ کی کسی دھمکی یا دھونس میں نہیں آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی: مالی سال 25-2024 کا بجٹ منظور

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ علامتی اجلاس اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے اراکین اسمبلی کی رکنیت بحال نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس علامتی اجلاس میں فارم 45 کے تحت الیکشن میں جیتنے والے ممبران سے حلف بھی لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسی اسمبلی میں بالکل نہیں جائیں گے جہاں فارم 47 کی وزیراعلیٰ ہیں۔

اعجاز شفیع نے مطالبہ کیا کہ ہمارے اراکین اسمبلی کو بحال کیا جائے ورنہ اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ اسی طرح جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp