سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک سے بجلی کی پیداوار اور لوڈ شیڈنگ کا پلان طلب کرلیا

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا ہے، کے الیکٹرک سے بجلی کی پیداوار اور لوڈ شیڈنگ کا پلان طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نے نوٹس موصول کر کے درخواست کی کاپی اور ہیٹ ویو کے دوران ادا کی گئی ذمہ داری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کے الیکٹرک کا ’کمال‘: 200 یونٹس کا بل ایک لاکھ 90 ہزار روپے، غریب صارف پریشان

عدالت نے کے الیکٹرک سے 15 جولائی کو بجلی کی پیدوار اور لوڈشیڈنگ سے متعلق پلان طلب کیا ہے۔

جماعت اسلامی کا موقف کیا ہے؟

جماعت اسلامی کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کے الیکٹرک کو بالخصوص ہیٹ ویو میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، درخواست میں کے الیکٹرک کی جانب سے 71فیصد فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ فری کرنے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت سندھ اور کے الیکٹرک کے درمیان واجبات کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا، بدترین لوڈشیڈنگ کاخدشہ

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ناقص کارکردگی کے باعث نیپرا نے کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا، ٹیکنیکل فالٹس دور کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میں 16گھنٹے کی روزانہ اوسط لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، اب راتوں میں بھی 2 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، آج کل کراچی میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے زائد جارہا ہے، ہیٹ ویو کی وجہ سے سینکڑوں شہری روزانہ اسپتال لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہری کو اضافی بل بھیجنا کے الیکٹرک حکام کو مہنگا پڑگیا

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کراچی شہر ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کراتا ہے جبکہ کے الیکٹرک کی کارکردگی سے کراچی کا کاروباری طبقہ اور طالب علم بھی متاثر ہورہے ہیں، درخواست میں وزارت توانائی، نیپرا اور کے الیکٹرک کو فریق بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp