اپوزیشن لیڈر ہوں، عمران خان سے ملاقات نہ کرانے والوں کو لائن حاضر کریں گے: عمر ایوب

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں ہونے دی جارہی جبکہ آج عدالت کی جانب سے ملاقات کی اجازت دی گئی تھی پھر کس کے کہنے پر اجازت نہیں دی گئی، ان سب کو پریویلیج مویشن کے ذریعے لائن حاضر کرینگے۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے شبلی فراز، رؤف حسن، شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات طے تھی، ہم لوگ سوا ایک بجے سے جیل کے باہر انتظار کررہے تھے۔ اڈیالہ جیل حکام نے ہمیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان پی ٹی آئی عہدیداروں میں اختلافات پر متفکر، فریقین کو ملاقات کے لیے بلا لیا

عمرایوب نے کہا کہ جیل چوکی کے انچارج نے ہمیں مسجد سے بھی نکال دیا، جیل چوکی کے انچارج نے بتایا انہیں احکامات ملے ہیں۔ جب ہم نے انچارج سے کہا کہ تمہیں ٹاوٹ آئی جی نے احکامات دیے ہیں تو اس کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ یہ سمجھتے ہیں ہمیں نفسیاتی طور پر دباؤ میں لائیں گے۔

’انکا دماغ خراب ہے یہ نفسیاتی مریض بن چکے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ہم لوگ ہیں، میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں، ہماری ملاقات کورٹ آرڈرز کے مطابق طے تھی۔ آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی پنجاب ٹاوٹ ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی سب سے بڑا ڈاکو ہے۔ ان سے پوچھا جائے گا ملاقات سے کیوں روکا گیا ہے۔

’ان سب کو پریویلیج مویشن کے ذریعے لائن حاضر کریں گے‘۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک پیج پر ہے ہم سب ایک ہیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں انکے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا ہے۔

ہم سب الیکٹڈ لوگ ہیں ہماری تذلیل کی جارہی ہے، شبلی فراز

سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے  کہا کہ ہم سب الیکٹڈ لوگ ہیں ہماری تذلیل کی جارہی ہے۔ ہم اپنے قائد سے ملاقات کے لیے آئے تھے جو کہ ہمارا حق ہے۔ ہم نے ڈی سی اسلام آباد سے جلسے کی اجازت مانگی تھی وہاں عامر مغل کو گرفتار کیا گیا۔ ہم انتخابات لڑ کے اسمبلیوں میں آئے ہیں، آج کل کرایے کے لوگوں کو پارٹی کی تقسیم کے لیے آگے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پی ٹی آئی عہدیداروں میں اختلافات پر متفکر، فریقین کو ملاقات کے لیے بلا لیا

عمران خان کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، شہریار آفریدی

شہریار آفریدی نے کہا کہ ایک چیز واضح ہے جو بھی کرلیں ہم جھکیں گے نہیں ہم تقسیم نہیں ہوں گے۔ ہم خان کے سپاہی ہیں ان کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ مخالفین کا ایک حربہ ہے پارٹی کو تقسیم کیا جائے۔ جو ڈاکو چور اس وقت حکومت میں ہیں ان کے لیے پیغام ہے ہم ایک ہیں۔

اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، شاندانہ گلزار

شاندانہ گلزار نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، اگر میرا اختلاف ہوتا تو یہاں نہ آتی۔ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے ہمیں 2گھنٹے دھوپ میں کھڑا کیا اور لیڈر عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp