انتظار تھا الیکشن کمیشن کامیابی کا اعلان کرے گا، پٹیشن ہی خارج کردی، سربراہ پی کے نیپ

جمعرات 4 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (پی کے نیپ) کے سربراہ خوشحال خان کاکڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہماری پٹیشن خارج کردی جو نا انصافی اور انتہائی افسوس ناک ہے، ہمیں انتظار تھا کہ الیکشن کمیشن ہماری کامیابی کا اعلان کریگا لیکن پیٹیشن ہی خارج کردی گئی۔

کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خوشحال خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ 8فر وری 2024 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 251پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی ہوئی لیکن پولنگ کے دن قلعہ سیف اللہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45کو ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے غیر قانونی اور غیرآئینی طور پر روک دیا۔ حلقہ این اے 251پر 1660 پوسٹل بیلٹ میرے حق میں استعمال ہوئے جس کا مستند ریکارڈ موجود ہے۔

انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں کھلی دھا ندلی کے ازالے کے لیے پٹیشن دائر کرکے فارم 45 کا مستند ریکارڈ فراہم کیا، جس میں حلقہ این اے 251 کے 90پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 45میں میرے ووٹوں کو کم کیا گیا تھا۔ جس میں سے 22پولنگ اسٹیشنوں میں میرے ووٹوں میں بڑے پیمانے پر کمی لائی گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے الیکشن کمیشن سے ان 22پولنگ اسٹیشنوں کے نتیجے کو درست کرنے کی استدعا کی تھی اس دوران سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے 5مارچ 2024کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر حلقہ این اے 251 کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 45کو مشتہر کیا۔

انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے کیے گئے متعدد فیصلوں اور اپنے آخری فیصلے میں بیان کردہ حقائق کے بالکل برخلاف غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر ہمارے برحق پٹیشن کو ڈس پوز کردیا جو سراسر نا انصافی پر مبنی اورانتہائی افسوس ناک ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp