بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک ایران سرحد کے قریب 2 نوجوان شدید گرمی اور پیاس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
ڈپٹی کمشنر چاغی ڈاکٹر عتیق کے مطابق، دونوں نوجوانوں کا تعلق ضلع دالبندین کے علاقے کلی داؤد آباد سے تھا اور وہ ڈرائیور کے ساتھ راجئے سے تیل لانے کے لیے گھر سے نکلے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہیٹ ویو سے کس طرح بچا جائے؟
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پاک ایران سرحد کے قریب راجئے کے مقام پر ان کی گاڑی کا تیل ختم ہوا تو دونوں نوجوان تیل کی تلاش میں پیدل نکل پڑے جبکہ ڈرائیور گاڑی میں موجود رہا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیدل جانے والے دونوں نوجوان بڑے میدانی علاقے میں تیز ہوا اور گرمی کی وجہ سے راستہ بھٹک گئے، دونوں نواجوان 24 گھنٹے تک لاپتا رہے اور اس دوران گرمی اور پیاس کی شدت سے جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’کنٹانی بارڈر بندش سے ہمارے چولہے بجھ جاتے ہیں‘، ایرانی تیل سے جڑے مزدور
انہوں نے کہا کہ جاں بحق نوجوانوں کو ان کے رشتہ داروں نے تلاش کیا اور ان کی لاشیں دالبندین لے کر آئے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کا ضلع چاغی گزشتہ کئی دن سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔