کورکمانڈرز کانفرنس: ’عزم استحکام‘ پر تنقید اور بلاجواز قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش

جمعہ 5 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کے لیے ہمیشہ تیار رہی ہے۔ اب بھی درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

آرمی چیف کی زیرصدارت 265 ویں کورکمانڈرز کانفرنس میں بعض حلقوں کی جانب سے عزم استحکام پر تنقید اور بلاجواز قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو، مادر وطن کے دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، آرمی چیف

فورم نے امن و استحکام کے لیے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا ہے۔

کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے  ’عزمِ استحکام‘ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ’عزمِ استحکام‘ کو اہم قدم قرار دیا۔

فورم نے ’عزم استحکام‘ کو وقت کا اہم تقاضا قرار دے دیا

کورکمانڈرز نے ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے ’عزمِ استحکام‘ دہشتگردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے وقت کا اہم تقاضا قرار دیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ جبکہ کانفرنس کے شرکا نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

یہ بھی پڑھیں اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

اس کے علاوہ فورم نے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔

شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لیے کوشاں ہے۔

سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹیل دہشتگردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار

کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔

شرکا نے کہاکہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

شرکا نے کہاکہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کے لیے پُرعزم اور متحد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں عالمی طاقتیں انسانی حقوق کو پر تشدد طریقے سے کچل رہی ہیں، آرمی چیف

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔

پاک فوج ملکی استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف

کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کے لیے ہمیشہ سے تیار رہی ہے۔

آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہاکہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp