سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے کہا ہے کہ دوران عدت نکاح کیس کے مجرم و ملزم عمران خان اور بشریٰ بی بی ہیں۔
اسلام آباد میں وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی بتائیں کہ نکاح کرنے کی اتنی جلدی کیا تھی، یہ قوم کو بتائیں۔
یہ بھی پڑھیں عدت نکاح کیس میں اہم پیشرفت، خاور مانیکا کی درخواست مان لی گئی
انہوں نے کہاکہ چند مخصوص گروپس نے 4 سال سے میرے خاندان کو برا بھلا کہا، اب میری بھی باتیں سنی جائیں۔
خاور مانیکا نے کہاکہ اگر عدت کے دوران نکاح نہیں کیا گیا تھا تو بتایا جائے کہ پھر دوسری بار نکاح کیوں کیا؟
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر نے کہاکہ ایک طرف اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور دوسری جانب اپنے اس اقدام کا دفاع بھی کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں دوران عدت نکاح کیس: خاور مانیکا نے عدالت میں فحش باتیں کیں، شبلی فراز
انہوں نے کہاکہ میں نے 14 نومبر کو اپنی اہلیہ کو طلاق دی اور پھر 4 دسمبر کو بچوں کو بتایا تو انہوں نے کہاکہ آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، لیکن کیا کرتا کہ پانی سر سے گزر چکا تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت نے عدت کے دوران نکاح کے کیس میں 7،7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
دوسری جانب آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاور مانیکا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کو 13 جولائی سے پہلے عدت کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔