ملک بچانا ہے تو اسٹیبلشمنٹ کو شفاف انتخابات کروانے ہوں گے، عمران خان

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بچانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو شفاف انتخابات کروانے ہیں اور ایسا کیے بغیر حالات بہتر نہیں ہوسکے۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

 ساری ایلیٹ کے پیسے باہر پڑے ہیں

انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2021 میں ملک کا قرضہ 2.8 ٹریلین تھا، 4سال میں ملک کے قرضے 8 سے 9 ٹریلین تک پہنچ گئے، جس غریب کا 2 ہزار بل آتا تھا اب اسکا 10 ہزار بل آتا ہے۔ساری ایلیٹ کے پیسے باہر پڑے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی امید ختم کردی ہے۔کسی کو اس حکومت پر بھروسہ نہیں رہا۔

الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف کیلئے الیکشن کمیشن بھیج رہا ہے۔ سب کو معلوم ہے الیکشن کمیشن نے فراڈ الیکشن کرائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے وہ کرتا ہے جس کے پیچھے عوام کھڑی ہے۔قاضی فائز عیسیٰ ہمیں کہہ رہا ہے انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کرائے۔ کیا چیف جسٹس کو نہیں معلوم ہماری ساری پارٹی انڈر گراؤنڈ تھی۔

ملک بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا

انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔اسٹیبلشمنٹ نے ملک بچانا ہے تو شفاف الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہماری انسانی حقوق اور 8 فروری کی پٹینشز کیوں نہیں سنی جارہی۔کون سی جمہوریت میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل ہوتے ہیں۔

جمہوریت اخلاقی رویوں پر چلتی ہے

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے جیسے میں نے پاکستان میں سب سے بڑی غداری کی ہو۔ جمہوریت اخلاقی رویوں پر چلتی ہے۔ جمہوریت آزادی کا نام ہے،جہاں جمہوریت ازاد ہوتی ہے وہی ملک پرواز کرتا ہے۔

پاکستان میں فراڈ الیکشن ہوئے

انہوں نے امریکی کانگریس میں منظور ہونے والی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کہہ رہی ہے پاکستان میں فراڈ الیکشن ہوئے ہیں۔

ان کا کہان تھا کہ میڈیا کو دبانے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ہمارے دور حکومت میں دہشتگردی کیوں نہیں  ہوئی۔

ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ شفاف انتخابات کیلئے اسٹیبلشمنٹ سے مخاطب ہیں اس کا مطلب آپ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں؟

اس سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں اسٹیبلیشمنٹ کی حکومت ہے ایس آئی ایف سی ملک چلا رہی ہے۔ شہباز شریف کو صرف فیتے کاٹنے کےلیے رکھا گیا ہے۔ ملک میں جمہوریت کی قبر کھودی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp