بالی ووڈ اداکاروں کی شادیاں ہمیشہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں لیکن چند مشہور جوڑیاں ایسی بھی ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے اور ان کی شادی آج تک لوگ یاد کرتے ہیں۔ ان میں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی ہے اس کے علاوہ اداکارہ انوشکا شرما اوربھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی شادی کو آج تک کی ہونے والی شادیوں میں سب سے خوبصورت شادی کہا جاتا ہے۔
حال ہی میں ان جوڑیوں کے آفیشل فوٹو گرافر وشال نے میڈیا سے ان کی شادی کے حوالے سے گفتگو کی ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشہور شخصیات میں سے چند لوگ ہی ایسے ہیں جو جانتے ہیں کہ اپنی تقریبات اور خاص دن کو عوام کی نظر سے کیسے دور رکھا جائے اور اسے یادگار بنایا جائے۔
ان جوڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے وشال نے کہا کہ انہوں نے اپنی شادیوں کو مکمل طور پر خفیہ اور محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی مقامات کو چُنا اور دونوں نے اپنی شادی کے لیے خوبصورت جگہوں کا انتخاب کیا۔
وشال کے مطابق دیپیکا۔ رنویر اور انوشکا۔ ویرات کی شادی ایسی تھی جس میں ان مشہور شخصیات کے صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے ہی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دیپیکا اور رنویر اپنی شادی کے ذریعے ’وائرل‘ مواد بنانے کی کوئی خواہش نہیں رکھتے تھے اور نہ ہی اسے سوشل میڈیا پر جگہ جگہ لگانے کے حق میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس جوڑی کی شادی کی ویڈیو 5 سال تک میرے پاس رہی لیکن میں اسے کسی کو دکھا بھی نہیں سکتا تھا۔
انہوں نے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کو اب تک کی سب سے خوبصورت شادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی جادوئی تھی جس میں صرف چالیس افراد شریک تھے جس میں ان کے والدین، قریبی دوست، میک اپ آرٹسٹ اور کیمرہ مین شامل تھے اور کسی نے بھی ایک دوسرے کو پریشان نہیں کیا۔
وشال نے بتایا کہ جب وہ شادی کی جگہ پر چیک ان کر رہے تھے اس وقت باراک اوباما چیک آؤٹ کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ شادی کی جگہ بہت عمدہ اور خوبصورت تھی جیسے کسی نے اس جگہ کے ارد گرد کوئی بلبلہ بنا دیا ہو اور ادھر صرف وہی ہو سکتا ہے جو وہ چاہتے ہیں۔
آفیشل ویڈیوگرافر کا کہنا تھا کہ ان جوڑیوں کی شادیاں اننت اور رادھیکا کی پری ویڈنگ جتنی بڑی ہو سکتی تھیں لیکن یہ بہت خوبصورت اور محبت کی شادیاں تھیں جن میں کم افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں اٹلی کے شہر ٹسکنی میں شادی کی جبکہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی شادی 2018 میں لیک کومو میں ہوئی تھی۔ ان شادیوں کا موازنہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے کیا جا رہا ہے جس کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ مارچ میں شروع ہوا اور اب تک جاری ہے۔