معروف ٹی وی ہوسٹ عائشہ جہانزیب کو شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جس کی پاداش میں انہیں مقدمے کے اندراج کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عائشہ جہانزیب نے بتایا کہ تشدد کا واقعہ 2 روز پرانا ہے، شوہر نے انہیں 8 جولائی کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب میں گھر پر موجود تھیں اور شوہر نے گھر آتے ہی تشدد شروع کردیا۔
یہ بھی پڑھیں معروف ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب پر شوہر کا مبینہ تشدد، ملزم گرفتار
انہوں نے کہاکہ میرا شوہر تنگ نظر انسان ہے اور مجھ پر شک کرتا ہے، وہ اکثر گھر میں گالم گلوچ کرتا رہتا ہے، جبکہ اس سے قبل 2024 میں بھی مجھے اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عائشہ جہانزیب نے کہاکہ 8 جولائی کو میرا شوہر غصے سے چلاتا ہوا گھر آیا اور بغیر کوئی بات سنے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، میں چیختی چلاتی رہی مگر اس نے میرے سر کے کئی بال تک جڑوں سے اکھاڑ دیے۔
عائشہ جہانزیب نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ حارث علی سے ان کی دوسری شادی ہے جو 2015 میں ہوئی تھی۔ ’میں نے میاں بیوی کے رشتے کو نبھانے کی کوشش کی مگر میرے شوہر نے ہمیشہ مجھے زدوکوب ہی کیا‘۔
’میرے شوہر نے ایک اور نکاح کر رکھا ہے‘
ٹی وی ہوسٹ عائشہ جہانزیب نے بتایا کہ شوہر کی جانب سے مجھ پر تشدد کرنے ایک وجہ ان کا خفیہ نکاح بھی ہے، جس پر اعتراض اٹھانا ان کو پسند نہیں آیا۔
عائشہ جہانزیب کے مطابق ان کے شوہر اس سے قبل 3 سے 4 بار ان پر تشدد کرچکے ہیں، اور کنپٹی پر پستول رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شوہر نے جب مجھ پر تشدد کیا تو بیٹیاں مجھے بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔ جبکہ میرے ڈرائیور اور الیکٹریشن نے بھی مجھے بچانے کی کوشش کی، جب شور شرابہ بڑھا تو حارث علی پستول نکالا اور مجھے دھمکیاں دیتے ہوئے بھاگ گیا۔
عائشہ جہانزیب کے شوہر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
عائشہ جہانزیب کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست پر مقدمے کے اندراج کے بعد ان کے شوہر حارث کو گرفتار کرلیا گیا اور پولیس نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر تشدد کرنے والے ان کے دوسرے شوہر حارث ہیں، عائشہ جہانزیب کے پہلے شوہر جہانزیب کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے حارث سے دوسری شادی کی۔
ایک شو کے دوران خاتون اینکر نے بتایا تھا کہ شوہر کے انتقال کے بعد والدہ کو بھی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن انہوں نے والدہ کو آخری دم تک یہ معلوم نہیں ہونے دیا کہ ان کو کیا بیماری لاحق ہے۔
عائشہ جہانزیب نے کہا تھا کہ والدہ نے بیماری کے بعد دوسری شادی کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیا تھا۔ اس حوالے سے میں کافی عرصے تک انکار کرتی رہی لیکن پھر میں نے ہار مان لی۔ ’میرا آج تک ایک ہی مرد دوست حارث تھا، جس سے بعد میں نے دوسری شادی کرلی‘۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب
دوسری جانب دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اینکر عائشہ جہانزیب پر شوہر کی جانب سے تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے کر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔
مریم نواز نے عائشہ جہانزیب کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین میری ریڈ لائن ہے، گھریلو یا ورکنگ ویمن پر کسی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔