امیر جماعت اسلامی نے آرمی چیف، حکمرانوں اور بیورو کریٹس سے اضافی مراعات چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی ) حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ خزانہ خالی ہو رہا ہے، حکمرانوں، آرمی چیف اور بیوروکریٹس سے مطالبہ ہے کہ وہ ملک کی خاطر اضافی مراعات لینا چھوڑ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکمرانوں نے کینیا سے سبق نہیں سیکھا جہاں لوگوں نے پارلیمان کو جلا دیا، حافظ نعیم الرحمان

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا جماعت اسلامی کے اسلام آباد دھرنے کا مقصد اشرافیہ کے ہاتھوں لٹے پٹے لوگوں کو ان کا حق دلوانا ہے، اگر جماعت اسلامی اس وقت لیڈ نہ کیا تو قوم بالکل ہی لیٹ جائے گی اور نتیجے میں ملک انارکی کی طرف چلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ملکی دولت اور انسانی وسائل دونوں باہر جارہے ہیں، تعلیمی شعبہ تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے، کالجز اور یونیورسٹیوں کے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں، بڑے جاگیردار عیش و عشرت کر رہے ہیں اور ملک کی زراعت میں اہم کردار ادا کرنے والا چھوٹا کسان پسا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مافیا کی مفت بجلی کی قیمت پاکستان کا غریب طبقہ ادا کر رہا ہے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے، صنعتیں تباہ حال ہو رہی ہیں، خزانہ خالی ہو رہا ہے اور اشرفیہ عوام کے ٹیکسز پر عیاشی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت خود گرنا چاہتی ہے، 12 جولائی کو علامتی دھرنا نہیں ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے حکمرانوں، بیوروکریٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی خاطر اپنی اضافی مراعات چھوڑ دیں، ہمارا احتجاج اور دھرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلائیں، ان کی آواز بنیں، قوم کو چاہیے کہ وہ اس صورت حال میں ہمارا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی ہی موجودہ حالات میں قوم کو لیڈ کر سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp