بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد میں اب 7 ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کررہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی مخالفت کردی ہے اور جلد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا جائے کہ ایونٹ کو پاکستان کے بجائے سری لنکا یا دبئی منتقل کردیا جائے۔

چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد اگلے سال فروری تا مارچ پاکستان میں ہونا ہے اور بھارت کے سوا تمام ہی ٹیموں نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا ہے، مگر بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کررہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ایشیا کپ بھی پاکستان میں کھیلا جانا تھا مگر بھارت کی ضد کی وجہ سے ہائبرڈ ماڈل اختیار کیا گیا جس کے سبب چند میچ پاکستان میں کھیلے گئے اور بقیہ تمام میچ سری لنکا میں منعقد ہوئے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں کھیلی جائے گی یا نہیں؟ پی سی بی چیف نے واضح کردی

بھارتی میڈیا یہ بھی دعویٰ کررہا ہے کہ بی سی سی آئی جلد آئی سی سی کو ایک خط لکھے گا جس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ چیمپیئنز ٹرافی بھی پاکستان سے منتقل کردی جائے اور ایک بار پھر اس کا انعقاد سری لنکا یا پھر دبئی میں کروایا جائے۔

اس سے قبل بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا یہ بیان بھی دے چکے ہیں کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان اسی صورت بھیجا جاسکے گا جب حکومت اس بات کی اجازت دے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی2025: ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا کہاں کھیلا جائے گا؟

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی بارہا اس بات کا اعادہ کرچکے ہیں کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 ہر حال میں پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی اور ایونٹ کو بہتر سے  بہتر انداز میں منعقد کروانے کے لیے میدانوں کی تزین و آرائش کا کام بھی تیزی سی جاری ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بھارتی بورڈ کو یہ آفر بھی کی جاچکی ہے کہ اگر سیکیورٹی خدشات ہیں تو بھارتی ٹیم کے تمام ہی میچ ایک ہی شہر میں کروا دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025: پی سی بی نے ڈرافٹ آئی سی سی کو بھجوا دیا مگر پاک بھارت میچ کا کیا ہوگا؟

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے 2008 کے بعد سے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی دونوں ٹیمیں کے درمیان کوئی سیریز کھیلی گئی ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp