اماراتی بینک پاکستان میں کن 2 پہاڑوں کی صفائی کرے گا؟

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے معروف بینک مشرق نے پاکستان میں پہاڑوں کی صفائی کا مشن شروع کردیا۔

بینک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس مشن کا مقصد گورو2 اور کنکورڈیا کے بیس کیمپوں کے ساتھ ساتھ K2 اور براڈ چوٹی (K3) کو بھی صاف کرنا ہے۔

مشرق بینک اپنی ’کلائمب ٹو چینج‘ مہم کے ذریعے کا دنیا کے 14 بلند ترین پہاڑوں کو صاف کرے گا جن میں 7 چوٹیوں کو سر کرنا اور باقی 7 کے بیس کیمپوں کی صفائی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور نیپال کے 4 کوہ پیماؤں نے نانگا پربت پہاڑ سر کرلیا

جون سے اگست 2024 تک جاری رہنے والی پاکستان مہم میں معروف پرتگالی کوہ پیما ماریا کونسیکاو اور نائلہ کیانی شامل ہوں گی۔ نائلہ پہلی پاکستانی خاتون اور مجموعی طور پر تیسری پاکستانی ہیں جنہوں نے 8,000 میٹر سے بلند دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 11 کو سر کیا ہے۔

مشرق کے گروپ سی ای او احمد عبدل آل کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کی چند بلند ترین چوٹیوں کا گھر ہے اور ہمیں یہاں اپنی پہاڑوں کی صفائی والی مہم چلانے پر فخر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قراقرم رینج میں ان مشہور چوٹیوں کو صاف اور سر کرنے کی ہماری مہم کا مقصد فضلے اور ماحولیاتی عدم توازن سے نمٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں معروف کوہ پیماؤں، مقامی کمیونٹیز اور ہمارے ملازمین کے ساتھ تعاون شامل ہے۔

مزید پڑھیں: برفیلے پہاڑ پر وینا ملک کی مبینہ ’اوور ایکٹنگ‘ نے کیا گل کھلائے؟

نائلہ کیانی نے کہا کہ کوہ پیمائی ہمیشہ سے حدود کو آگے بڑھانے کا ذاتی سفر رہا ہے اور اب مشرق کے ساتھ میرا مقصد ایک روشن اور زیادہ پائیدار مستقبل کے لیے اہم تبدیلی کو متحرک کرنا ہے۔

ماریا کونسیکاو نے بھی مشرق کی مہم میں شامل ہونے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ایک یتیم بچی کے طور پر میرے سفر سے لے کر ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والی پہلی پرتگالی خاتون بننے تک اور کھیلوں میں 10 گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرنے اور ایک مخیر شخص کے طور پر پسماندہ بچوں کے لیے تعلیمی اقدامات کو فروغ دینے کے لیے میرا یہ نیا مشن میری زندگی کے کام سے بالکل ہم آہنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نامور کوہ پیما ثمینہ بیگ کو K2 مہم کیوں ترک کرنا پڑی؟

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مہم سے عوام میں بیداری بڑھانے اور لوگوں کو آنے والی نسلوں کے لیے اپنے سیارے کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے کی ترغیب دینے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ مشرق نے نیپال میں ابتدائی 2 مرحلوں میں 5 بلند ترین چوٹیوں اور ایک بیس کیمپ کی پیمائش اور صفائی مکمل کی ہے۔ ان مذکورہ مہم نے اونچائی پر موجود فضلہ ہٹانے اور عوامی تعلیم کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp