آذربائیجان کے صدر کا دورہ، دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا سبب ہے، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام آذربائیجان کے صدر کے دورے سے بہت خوش ہیں، آپ پاکستان کے بہترین دوست اور بھائی ہیں، آپ کا آنا دوطرفہ تعلقات کو نئی بلدیوں پر لے جانے کا سبب بنے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے دورے میں آپ نے بہترین مہمان نوازی کی، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہماری سوچ یکساں ہے۔

’عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان اور آذربائیجان کے خیالات میں ہم آہنگی ہے‘۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کی ترکیہ اور آذربائیجان کو تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی تجویز

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی حجم 100ملین ڈالر ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم قریبی دوستی کا عکاس نہیں ہے۔ ہمیں باہمی تجارتی حجم میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا ہے، تمام اہم مسائل پر ہم ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کے کاز کی حمایت کی ہے۔

’آذربائیجان کا کشمیر کے بارے میں اصولی موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں، آذربائیجان ان دوستوں میں شامل ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کا ساتھ دیا‘۔

انہوں نے کہا کہ 2017میں آپ کا دورہ پاکستان کی سنہری یادیں وابستہ ہیں، آپ کا دورہ دو طرفہ تعلقات کی نئی بلندیوں پر لے جانے کا سبب بنے گا، اسلام آباد کو باکو کی طرز پر خوبصورت شہر بنانے کے لیے تکنیکی ٹیم پاکستان آرہی ہے۔

دونوں ملک ہر مسئلے پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، صدر آذربائیجان 

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا کہ باکو سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے براہ راست پروازوں کا اجرا ہوا ہے، دونوں ملک ہر مسئلے پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ نواز شریف کا دل سے احترام کرتا ہوں، 7سال قبل پاکستان کا دورہ کیا جب نواز شریف وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی پرچم لہرا کر تشکر کا اظہار

 صدر آذربائیجان الہام علیوف نے کہا کہ افسوس ہے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے، پاکستان وہ ملک ہے جس نے ہماری دوستی کے ناطے آرمینیا سے سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے۔

’پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے‘۔

صدر الہام علیوف نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ملک 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، معاشی و تجارتی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں معاہدوں کا تبادلہ ہوا ہے، معاہددوں سے باہمی تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp