عام طور پر شادی کی خبر کو کبھی بھی بڑی خبر نہیں سمجھا گیا، مگر مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی روزانہ کی بنیاد پر خبریں بن رہی ہیں اور کیوں نہ بنیں کہ نہ صرف اس شادی میں پانی کی طرح پیسہ بہایا جارہا ہے بلکہ پوری دنیا سے سیاستدانوں اور فنکاروں کو مدعو بھی کیا جارہا ہے۔
آج 12 جولائی کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں اور اس شادی سے بھی بڑی خبر اس پر خرچ کیے جانے والی رقم ہے۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے نامور شخصیات شریک ہورہی ہیں اور یہ شادی اب تک کی سب سے مہنگی انڈین شادیوں میں سے ایک ہے جس پر تقریباً 2500 کروڑ (ڈھائی ارب سے زائد) انڈین روپے کی لاگت آئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں اپنی بیٹی کی بھی شادی کی تھی جس پر اندازے کے مطابق 10 کروڑ ڈالر لاگت آئی تھی۔
اننت امبانی کے شادی کارڈ کی مالیت عام آدمی کی پوری شادی کے خرچے سے زیادہ ہے۔ اس کارڈ کی قیمت 6 سے 7 لاکھ بھارتی روپے کے برابر بتائی جا رہی ہے۔ مکیش امبانی کے بڑے بیٹے کی شادی کا دعوت نامہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا تھا جبکہ بیٹی ایشا کے کارڈ کی قیمت 3 لاکھ روپے بتائی گئی تھی۔
اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں مہمانوں کو لے جانے کے لیے 100 سے زیادہ نجی جیٹ طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
شادی میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے مشہور شخصیات اڑان بھریں گی جن میں سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن، برطانیہ کے سابق وزیرِاعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن، سابق اطالوی وزیرِاعظم میٹیو رینزی، کینیڈا کے سابق وزیرِاعظم اسٹیفن ہارپر، مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید، تنزانیہ کے صدر سامیہ سلوہو حسن، آسٹریا کے سابق وزیرِاعظم سیباسٹین کرز، آئی او سی کے نائب صدر جوآن انتونیو اسمارنچ، ڈبلیو ٹی او کے ڈی جی نگوزی اوکونجو ایویلا، فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو اور سابق سویڈش وزیرِاعظم کارل بلڈٹ شامل ہیں۔
شادی میں وزیرِاعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، آندھرا پردیش کے وزیرِاعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے نائب وزیرِاعلیٰ پون کلیان، مغربی بنگال کی وزیرِاعلیٰ ممتا بینرجی اور اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن، سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ ساتھ رنبیر کپور، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، سدھارتھ ملہوترا، کیارا ایڈوانی، دیپیکا پڈوکون، جھانوی کپور، اننیا پانڈے بھی شادی میں شریک ہوں گے۔
رادھیکا اور اننت کی شادی کی تقریبات کا آغاز 29 جون 2024 کو پوجا کے ساتھ ہوا۔ پچھلے کچھ دنوں میں بہت سی دیگر رسمیں جیسے ہلدی، سنگیت اور ڈانڈیا ہوئیں اور ان تقریبات کے بعد اٹلی میں ایک شاندار جشن منایا گیا۔
’شبھ شادی‘ 12 جولائی 2024 کو شیڈول ہے۔ 13 جولائی 2024 کو مہمان ’شبھ آشیرواد‘ میں شرکت کریں گے اور 14 جولائی 2024 کو شادی کے استقبالیہ کے ساتھ تہوار کا اختتام ہوگا۔