چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہمارا حق مل گیا ہے، سپریم کورٹ نے حق و انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔ یہ فیصلہ تاریخ میں یاد رکھاجائے گا، ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ ہمیں مل گیا۔ آج پوری قوم کے لیے، جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ نوافل ادا کریں۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا تھا، الحمدللہ 11 ججوں نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل کرے اور پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دی جائیں۔ الیکشن کمیشن ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ بھی ہمیں اسی ہفتے دے۔
مزید پڑھیں:مخصوص نشستوں کا کیس: 8 سماعتوں میں کب کیا ہوا؟
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم وزیراعلٰی کے پی کے علی امین گنڈا پور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مخصوص نشستوں والے ارکان کا حلف نہ لیکر بہادری کا مظاہرہ کیا تھا۔ جو لوگ مرضی کے فیصلے کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت لینا چاہتے تھے، ان کا رستہ رک گیا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کی جیت ہے اور آج کا دن عمران خان کے نام ہے۔ آج یہ فیصلہ کر کے ججز نے اس ادارے کے احترام میں اضافہ کیا ہے، آج سپریم کورٹ نے بھی یہ ثابت کر دیا کہ چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ غلط تھا۔
مزید پڑھیں:مخصوص نشستیں کیس: کوئی غیر آئینی کام ہوا ہے تو سپریم کورٹ بالکل اڑا دے گی، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ
کنول شوزب نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کس طرح ملک میں جمہوریت کو پامال کیا گیا، پی ٹی آئی کو کس طرح الیکشن سے باہر کیا گیا، ہمارے ساتھ نانصافی ہوئی تھی، عدالتیں انصاف کے نظریے کے ساتھ کھڑی ہیں، عمران خان کو جعلی کیسز میں قید کیا گیا ہے، سپریم کورٹ عمران خان کے کیسز پر فوری سماعت کرے۔
شبلی فراز نے کہا کہ عدالتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ابھی ہمیں آدھا مینڈیٹ ملا ہے، ہم پورا مینڈیٹ ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہماری جدوجہد ختم نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں:عدالتی تاریخ میں جمعے کے روز کون کون سے اہم فیصلے سنائے گئے؟
لطیف کھوسہ نے کہا کہ ابھی انصاف مکمل نہیں ہوا۔ جب تک فارم 45 کے مینڈیٹ کو عدالت بحال نہیں کرتی انصاف نہیں ہوگا۔ آج پی ٹی آئی کی جیت ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کو بھی قانون کے تحت جوابدہ ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ جو نا انصافی ہوئی اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کابینہ اراکین اور پارٹی قائدین کو مبارکباد دی ہے۔
صوبائی کابینہ کے دسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک اصولی مؤقف اختیار کیا تھا، آج سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، مخصوص نشستیں ہمارا حق تھا اور آج ہمیں ہمارا حق مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ہمارا حق کسی اور کو دیا گیا تھا، مخصوص نشستیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں اسمبلیوں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم سب نے ایک ٹیم بن کر کام کیا اور کامیابی حاصل کی، اس دوران بھرپور ساتھ دینے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم صوبے اور صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے اسی طرح ایک ٹیم بن کر کام کرتے رہیں گے۔