سپریم کورٹ کے فیصلے سے طاقتور اور جابر کے ارادوں کو مات ہوئی، سلمان اکرم راجہ

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے طاقتوراور جابر کے ارادوں کو مات ہوئی ہے، قانونی جنگ جیت چکے ہیں اب سیاسی جنگ بھی جیتیں گے۔

جمعہ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے، پاکستان کی تاریخ میں بہت کم ایسے دن ہیں، جب طاقتور اور جابر کے ارادوں کو مات ہوئی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستیں: ہمیں ہمارا حق مل گیا، پی ٹی آئی کا مؤقف

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جو یہ چاہتے تھے کہ مخصوص نشستیں ہم سے چھین کر مال غنیمت کے طور پر بانٹ دیں اور آئین کا حلیہ بگاڑ دیں، آج ان جابروں کے ارادے پاش پاش ہوئے ہیں، یہ آئین کی فتح ہوئی ہے، یہ بہت بڑا دن ہے، قوم کو خوشخبری دیتے ہیں کہ ہم نے آج قانونی جنگ جیتی ہے اور اب سیاسی جنگ بھی جیتیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستانی عوام کے ارادوں کو سلب کیا گیا، ہم ان ارادوں کو پایہ تکمیل پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، آج کی فتح اس منزل کی جانب ایک قدم ہے جس میں آئین و قانون کی حکمرانی ہو گی۔ جو لوگ آئین اور جمہوریت کو پامال کرنا چاہتے ہیں انہیں شکست سے دوچار کریں گے۔

ہم ہر سطح پر یہ ثابت کریں گے کہ ہم آئین اور جمہوریت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

عدالت نے آئین کی روح کے مطابق فیصلہ دے کر جمہوریت کو مستحکم کیا، کنول شوذب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی وویمن ونگ کی صدر کنول شوذب نے کہا کہ پوری دُنیا نے دیکھا کہ جمہوریت کا استحصال کیا گیا، عوام کے مینڈیٹ کا خون کیا گیا اور پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف، عوام اور ووٹر کے ساتھ نا انصافی ہوئی، اپنی عدالت کا شکریہ ادا کرتی ہوں جس نے آئین کی روح کے مطابق ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیا۔

آج ملک کی سب سے بڑی جماعت جسے اسمبلیوں سے باہر نکالا گیا تھا عدالت واپس لے آئی ہے اس پر ہم عدلیہ کے شکر گزار ہیں، یہ ملکی تاریخ کا جمہوریت کے استحکام کے لیے بہت بڑا فیصلہ ہے۔

کنول شوزب نے کہا کہ اب عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ ہمارے قائد عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں قید میں رکھا گیا ہے، انہیں بھی فوری انصاف دلایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp