ڈیرہ غازی خان میں سیلابی صورتحال برقرار، آج کہاں کہاں بارش ہوگی؟

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، شمال مشرقی و وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے کن علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے؟

اس دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ کے ساحلی اضلاع کے چند مقاما ت پر ہلکی بارش یا بونداباندی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آزادکشمیر کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں، کھمبے اکھڑنے سے بجلی کی فراہمی متاثر

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے شہریوں کے معمولات زندگی متاثر رہے، بارش کی وجہ سے کئی شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

ڈیرہ غازی خان میں سیلابی صورتحال، سرکاری اسکولز ریلیف کیمپوں میں تبدیل

ڈیرہ غازی خان میں بارشی اور رود کوہیوں (نہری پانی) کے سیلابی پانی کی آمد میں تیزی آگئی ہے، علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موسمیاتی تبدیلی: گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے سیلابی صورتحال، عوام بے یارومددگار

ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے ،ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے الرٹ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک اورڈی پی او سید علی سمیت متعلقہ افسران وڈرو سائفن نالہ پر موجود ہیں اورسیلابی پانی کی صورتحال کی مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔

ڈیرہ غازیخان میں وڈور سائفن پرانتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ملحقہ آبادیوں کے سرکاری اسکولوں کو ریلیف کیمپس میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موسمیاتی تبدیلیاں تباہی پھیلانے لگیں، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنا ناگزیر

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیلابی صوتحال کے حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp