سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو مستعفی ہوجانا چاہیے،حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کیا حیثیت رہ گئی ہے، الیکشن کمیشن کے تمام افراد کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:مافیا کی مفت بجلی کی قیمت پاکستان کا غریب طبقہ ادا کر رہا ہے، حافظ نعیم

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وصیت کی پرچیوں پر اور خاندانی نظام کے تحت پارٹیوں کی لیڈرشپ جمہوریت کا قتل عام ہے، سیاسی پارٹیوں میں الیکشن کس بنیاد پر ہوتے ہیں، اس کا طریقہ کار ہونا چاہیے۔

لوکل باڈیز کے الیکشن ہونے چاہییں

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لوکل باڈیز الیکشن ہونے چاہییں، یہ وہ ریفارمز ہیں جو اب کرنی پڑیں گی۔ جو اس وقت پاکستان کی اسمبلی میں لوگ بیٹھے ہیں، وہ اس سے بھاگتے ہیں، اس لیے سپریم کورٹ کو باقاعدہ ڈائریکشن دینی چاہیے اور اس ڈائریکشن کے نتیجے میں قانون سازی ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:حکمرانوں نے کینیا سے سبق نہیں سیکھا جہاں لوگوں نے پارلیمان کو جلا دیا، حافظ نعیم الرحمان

الیکشن کمیشن کی کیا حیثیت رہ گئی؟

سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کیا حیثیت رہ گئی؟ الیکشن کمیشن کے تمام افراد کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

ایم کیو ایم کی کوئی حیثیت نہیں

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس فیصلے سے بہت سے سوالات پیدا ہوئے، ایم کیو ایم کو کراچی سے ایک لاکھ ووٹ بھی نہیں پڑا، ان لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو خود 70 ہزار ووٹ ڈلوانے پڑے، اسمبلی میں فارم 45 کے بجائے فارم 47 والے بیٹھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کے بل بموں کی صورت میں لوگوں کے سروں پر گررہے ہیں،حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی میں جائے تو یہ اس کا حق ہے لیکن ججز میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp