اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، 100 انڈیکس 81 ہزار کی بلند ترین سطح پر

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پائے جانے والے اسٹاف لیول معاہدے کی روشنی میں اسٹاک مارکیٹ کے اشاریے غیر متوقع طور پر بڑھ کر 81 ہزارپوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 81 ہزار کی حد عبور کرگیا۔

100 انڈیکس نے کاروبار آغاز پر نئی بلند ترین سطح بنائی ہے۔ 100 انڈیکس 1154 پوائنٹس اضافے سے 81098 پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکسز میں مزید اضافوں کی شرائط کیساتھ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالرز کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا

اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ صبح 10 بجکر 5 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1248.82 پوائنٹس یا 1.56 فیصد اضافے سے 81,192.91 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

بجٹ میں کیپٹل مارکیٹس پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگائے جانے کے بعد سے جاری اس رجحان کو ہفتے کے آخر میں اس وقت تقویت ملی جب آئی ایم ایف نے جمعے کی رات پاکستان کے لیے 37 ماہ کے 7 ارب ڈالر کے نئے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان کیا۔

آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا مثبت ردعمل ہوا ہے۔

معاہدے کی روشنی میں جہاں ملک کو دوسرے عالمی اداروں اور ممالک سے مزید قرض ملنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں وہاں بیرونی سرمایہ کاری لائے جانے کے حوالے سے حکومت کی گزشتہ 5 ماہ سے جاری کوششیں بارآورثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ چکر سے نکلنے کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ ناگزیر ہوگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

ماہرین کے بقول100انڈیکس 81ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچنے کا یہ مطلب ہے کہ سرمایہ کاروں کا معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کو بڑے پیمانے پر پاکستان کے لئے ایک روڈ میپ کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے جدوجہد کررہا ہے اور اسے قرضوں کے پہاڑ کو پورا کرنا ہے جو اس کے ٹیکس محصولات کو کھا جاتا ہے.

معاشی مشکلات کے باوجود کے ایس ای 100 کمپنیوں نے متاثر کن منافع کا اعلان کیا ہے تاہم بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ مالی سال 2023-24 کے دوران ریکارڈ اضافے کے باوجود حصص کی قیمتیں اب بھی اپنی اصل صلاحیت سے کم ٹریڈ کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp