پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر حکومتی اتحادی جماعتیں آن بورڈ ہیں، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے معاملے پر اتحادی آن بورڈ ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ اتحادی جماعتیں ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، اتحادی جماعتوں کو کسی چیز پر اعتراض نہیں، وہ آن بورڈ ہیں، حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان اور تحریک انصاف اکٹھے نہیں چل سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس لانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا بنیادی معاملہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہے، اس حوالے سے باقاعدہ ہوم ورک اور قانونی مشاورت کے بعد آج اعلان کیا گیا۔

’اتنا ریلیف ممکن نہیں تھا‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غیرقانونی ذرائع سے لابنگ فرمز ہائر کیں، تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق کیس بہت مضبوط ہے، سپریم کورٹ کے سامنے ثبوت رکھے جائیں گے کہ کیسے پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ ہوئی، فارن فنڈنگ کی تفصیلات میڈیا اور عدلیہ کے سامنے بھی رکھی جائیں گی۔

مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کردی ہے، اتنا ریلیف ممکن نہیں تھا جتنا دیا گیا، سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں قانونی سقم موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، پیپلزپارٹی

انہوں نے بتایا کہ پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے بعد فیصلہ عدالت میں چیلنج کیا ہے، نظرثانی اپیل کے وکالت نامے پر انہوں نے خود دستخط کیے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کا وجود ہی نہیں، انہوں نے الیکشن ہی نہیں لڑا، سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دیتے تو منسوخ ہوجاتیں۔

’سائفر آج بھی مضبوط کیس ہے‘

سائفر کیس سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سائفر قانونی طور پر مضبوط کیس تھا جس کا ری ٹرائل ہونا چاہیے، یہ آج بھی مضبوط کیس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ، مسلم لیگ ن کے اندر سے آوازیں اٹھنے لگیں

 انہوں نے کہا کہ سائفر اور امریکی قرارداد ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وہ 9 مئی کے مقدمات میں پراسیکیوشن کی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے آج پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ حکومت نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فصیلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے، پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp