مقبوضہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں سے مقابلے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں کارروائی کے دوران ایک آفیسر سمیت 4 بھارتی فوجی مارے گئے ہیں، اس ضلع میں بھارتی سیکیورٹی ایجنسیاں ان عسکریت پسندوں کو تلاش کر رہی ہیں جو حال ہی میں خطہ میں جان لیوا حملوں کے ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رونما ہونیوالے اس حملہ سے لگ بھگ ایک ہفتہ قبل بھی بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے جموں ڈویژن کے کٹھوا ضلع میں فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 586 بھارتی فوجیوں کی خودکشی، سبب کیا نکلا؟

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ مشتبہ افراد گھنے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے تھے اور انہوں نے رات 9 بجے کے قریب سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم پر حملہ کیا، فائرنگ کے ابتدائی تبادلے کے دوران ایک آرمی میجر سمیت 4 بھارتی فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

مذکورہ پولیس افسر کے بیان کے مطابق تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 زخمی فوجی دم توڑ گئے جبکہ پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت میجر برجیش تھاپا کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ دیگر مقتول فوجیوں اور زخمی پولیس اہلکار کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں مزاحمت کی علامت شہیدمقبول بٹ

فوج کی نگروٹا میں واقع وائٹ نائٹ کور نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ مخصوص انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر بھارتی فوج اورجموں وکشمیرپولیس کا مشترکہ آپریشن ڈوڈہ کے شمال میں جاری تھا۔

پیر کی رات تقریباً 9 بجے فوج کے جوانوں کا عسکریت پسندوں سے سامنا ہوا جس کے بعد شدید فائرنگ ہوئی۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک فوجیوں کی جانب سے عسکریت پسندوں کی تلاش کا آپریشن جاری تھا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر پورے بھارت میں پھیلتا جارہا ہے

حکام نے بتایا کہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے جوانوں نے شام کے قریب 7.45 بجے جنگلات کے دھاری گوٹے اوراربگی میں مشترکہ محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔

سیکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق عسکریت پسندوں کے کم از کم دو سے تین گروپوں نے جن میں دو درجن کے قریب افراد جدید ترین رائفلوں سے لیس تھے، پیر پنجال خطہ کے جنگلاتی علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے جس میں پونچھ، راجوری اور ریاسی اضلاع اور چناب وادی شامل ہے جس میں ڈوڈہ اور اضلاع شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp