بنوں چھاؤنی پر حملہ، 8 فوجی شہید، 10 دہشت گرد ہلاک

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہشت گردوں کے ایک گروپ کی جانب سے بنوں چھاؤنی میں داخلے کی ناکام کوشش پر خود کش دھماکے میں 8 فوجی شہید ہوگئے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی آپریشن میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پیر کی صبح 10 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا، چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں کینٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام، کلیئرنس آپریشن جاری

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں 8 فوجی شہید ہوگئے، اس کے بعد ہونے والے آپریشن میں فوجی دستوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

’جس کے نتیجے میں تمام 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کے اس بروقت اور موثر جواب نے بڑی تباہی کو روک دیا، قیمتی معصوم جانیں بچ گئیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور بے لوث کارروائی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتھک عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘

مزید پڑھیں: ٹی ٹی پی افغانستان میں سب سے بڑا دہشتگرد گروپ، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں چَشم کُشا انکشافات

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی افغانستان سے متحرک حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے، جو ماضی میں بھی پاکستان کی جغرافیائی حدود میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔

’پاکستان نے عبوری افغان حکومت کے ساتھ مسلسل اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال سے انکار کرے اور ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp