بھارتی وزیراعظم ایکس ڈاٹ کام پر 10 کروڑ فالوورز کے ساتھ نمایاں

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ڈاٹ کام پر 10 کروڑ فالوورز رکھنے والے دنیا کے پہلے وزیر اعظم بن گئے ہیں، تاہم سب زیادہ فالوورز کے اعتبار سے عالمی سیاستدانوں کی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اتوار کو نریندر مودی کے ایکس ڈاٹ کام کے اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 100 ملین یعنی 10 کروڑ پہنچ گئی جس کے بعد وہ اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پہلے وزیر اعظم مگر عالمی سیاستدانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، سابق امریکی صدر باراک اوباما اس ضمن میں سب سے آگے ہیں۔

سیاسی طور پر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ڈاٹ کام پر 100 ملین فالوورز کا سنگ میل عبور کرنے پر اپنی پوسٹ میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بحث، مباحثہ، بصیرت، لوگوں کی دعاؤں، تعمیری تنقید اور بہت کچھ کو پسند کرتے ہوئے اس متحرک میڈیم پر وہ بہت خوش ہیں۔

حال ہی میں تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے 73 سالہ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے سماجی شمولیت کے رابطوں کی امید کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر ان کی امید کا یہ حالیہ اظہار ان کی 2 مارچ 2020 کی ٹوئیٹ میں اچھا خاصا مایوسی پر مبنی تھا جب انہوں نے فیس بک، ٹوئٹر موجودہ ایکس ڈاٹ کام، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

مختلف ہندوستانی سیاست دانوں کے سوشل میڈیا فالوورز کا موازنہ کیا جائے تو وزیر اعظم نریندر مودی سوشل میڈیا فالوورز کے لحاظ سے سب سے زیادہ نمایاں شخصیت رہے ہیں جبکہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کے 2 کروڑ 64 لاکھ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے 2 کروڑ 75 لاکھ فالورز ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا کے اس مقابلے میں وزیر اعظم مودی دیگر عالمی شخصیات مثلاً امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دبئی کے موجودہ حکمران شیخ محمد اور پوپ فرانسس سے بھی آگے ہیں، یہی نہیں فالوورز کی دوڑ میں  مایہ ناز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی ان سے پیچھے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp