ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 بے گناہ شہری شہید ہوگئے۔ پاک فوج نے مؤثر جوابی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی شمو زئی میں دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر پر حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں چھاؤنی پر حملہ، 8 فوجی شہید، 10 دہشت گرد ہلاک
دہشت گردوں کی فائرنگ سے رورل ہیلتھ سینٹر میں موجود 2 لینڈی ہیلتھ ورکرز، 2 بچے اور ایک چوکیدار شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گردوں نے حملہ 15 اور 16 جوالائی کی درمیانی شب کیا، دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی اور کلیئرنس آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی افغانستان میں سب سے بڑا دہشتگرد گروپ، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں چَشم کُشا انکشافات
شہید ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بے گناہ بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں رواں ہفتے کے دوران یہ دہشت گردوں کی دوسری کارروائی ہے۔ اس سے قبل پیر کی صبح 10 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید
چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بنوں چھاؤنی میں داخلے کی ناکام کوشش پر خود کش دھماکے میں 8 فوجی شہید ہوگئے تھے۔