پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کی جاری کردہ تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک اپ ڈیٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے حالیہ سالانہ بجٹ میں معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقررکیا ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں معاشی شرح نمو 2 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ہمیں محنت کرنا ہوگی، تب ہی یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا، وزیراعظم

رپورٹ کے مطابق، عالمی معیشت اس سال 3.3 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ افراط زر کے خلاف جنگ میں رفتار سست پڑ رہی ہے جس سے شرح سود میں نرمی میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے اور ترقی پذیر معیشتوں پر ڈالر کا مضبوط دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔

 آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی اور شرح سود بھی بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے جبکہ دنیا بھر میں اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدہ: پروگرام کے تحت اسٹرکچرل ریفارمز یقینی بنانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر خزانہ

عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا میں معاشی سرگرمیوں میں سست روی، یورپ میں تنزلی اور چین کے لیے کھپت اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے عالمی معیشت میں آئندہ 2 برسوں میں معمولی بہتری آسکتی ہے تاہم اس حوالے سے خطرات بہت زیادہ ہیں۔

آئی ایم ایف نے افراط زر میں اضافے کے خطرات سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدمات کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے جبکہ نئی تجارت اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کے باعث سپلائی چین اور درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے قیمتوں کا دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں ٹیکس کا ہدف آئی ایم ایف کے مطالبے پر مقرر کیا گیا، وزیرمملکت برائے خزانہ

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والے کئی انتخابات کے نتیجے میں معاشی پالیسی میں ممکنہ تبدیلیاں آسکتی ہیں جن کے باقی دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

ان ممکنہ تبدیلیوں سے مالیاتی بے ضابطگیوں کے خطرات پیدا ہوں گے جو قرضوں کی فراہمی اور وصولیوں، طویل مدتی پیداوار پر منفی اثر ڈالیں گے اور تحفظ پسندی میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp