دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، وزیراعظم

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کڑی شموزئی ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکز صحت پر دہشگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے حملے میں 2 بچوں، 2 خواتین ہیلتھ ورکرز، چوکیدار اور جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان، دہشتگردوں کا رورل ہیلتھ سینٹر پر حملہ، 5 شہری شہید، فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

وزیراعظم نے شہدا کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کی عفریت کو ختم کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی قوم اور افواج پاکستان شانہ بشانہ کھڑے ہیں، معصوم بچوں اور عورتوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ ڈی آئی خان میں کڑی شاموزئی رورل ہیلتھ سینٹر پر 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مسقط میں امام بارگاہ پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پاکستانی شہید، دفتر خارجہ کی تصدیق

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے خدشے کے تحت کلیئرنس آپریشن کا بھی آغاز کیا گیا تھا۔

مسقط میں امام بارگاہ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے عمان میں وادی الکبیر میں امام بارگاہ میں فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں چھاؤنی پر حملہ، 8 فوجی شہید، 10 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ سے اظہار افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے عمان میں پاکستانی سفیر کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کی معاونت کی ہدایت بھی کی ہے۔

عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی کبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہید اور 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی حکام نے دہشتگردی کے واقعے میں 4 پاکستانیوں کی شہادت کی اطلاع دی تھی۔ پاکستانی سفیر عمران علی کے مطابق 30 زخمی افراد بھی پاکستانی ہیں اور عمان کے اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp