امریکی فوج نے رواں ماہ کے وسط میں پینٹاگون کے قریب ایک گاڑی میں مردہ پائے جانے والے فوجی کو شناخت کر لیا ہے۔ مردہ پائے جانے والے شخص کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے دفتر میں کام کرنے والا ایک سینیئر انٹیلی جنس ماہر تھا۔
روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کے آرمی آفیسر کا نام ماسٹر سارجنٹ بتایا گیا ہے۔ فوجی حکام نے گزشتہ روز بتایا کہ 42 سالہ جوآن پاؤلو 14 مارچ کو پینٹاگون کی شمالی پارکنگ لاٹ میں موجود اپنی کار میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔
جوآن پاؤلو کی موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات جاری رکھیں گے۔
فلپائن میں پیدا ہونے اور بعد میں امریکا منتقل ہوجانے والے جوآن پاؤلو بورڈاڈور نے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز 2004 میں پینٹاگون کی فورس پروٹیکشن ایجنسی میں کاؤنٹر انٹیلی جنس ایجنٹ کے طور پر کیا تھا۔
جوآن پاؤلو کو گزشتہ مئی میں ماسٹر سارجنٹ کے عہدے پر ترقی ملی تھی ۔ ملازمت کے دوران انہیں جاپان، جرمنی، جنوبی کوریا، روس، اسرائیل، کینیڈا، بیلجیئم، فرانس اور عراق سمیت متعد ممالک میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ جوائنٹ اسٹاف، فوج کی تمام چھ شاخوں پر مشتمل ہے اور اس کی سربراہی امریکی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین افسر اور صدر، سیکریٹری دفاع اور قومی سلامتی کونسل کے سینیئر فوجی مشیر چیئرمین مارک ملی کرتے ہیں۔