عثمان اور ثمینہ پیرزادہ بچوں سمیت ایک ہی کمرے میں کیوں سوتے ہیں؟

بدھ 17 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بجلی کے بھاری بلز نے جہاں ملک بھر میں عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے وہیں شوبز و سیاست سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معروف شخصیات تک کو پریشان کیا ہوا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران سینیئر اداکار و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ، بیٹا اور بیٹی سب اس ہی ایک کمرے میں سوتے ہیں جہاں ایئرکنڈیشنر چل رہا ہوتا ہے۔

پاکستانی شہری بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کے تباہ کن اثرات سے دوچار ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث بہت سے لوگوں کو اپنے واجبات کی ادائیگی کے لیے جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ کچھ رہائشیوں کو تو ان کے مکان کے کرائے سے بھی زیادہ بل بھرنے پڑ رہے ہیں۔

’ممکن ہے اپنے گھر کی بجلی ہی کٹوادوں‘

اس حوالے سے عثمان پیرزادہ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توبہ توبہ، یہ بل بہت خوفناک ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کیا ہوگا، شاید میں ان کی ادائیگی نہ کر سکوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ممکن ہے کہ مجھے اپنی بجلی منقطع کرنی پڑے‘۔

گزشتہ ہفتے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار راشد محمود نے اپنے بجلی کے بل کے باعث شدید تاسف و مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ اس نے انکشاف کیا تھا کہ ان کا بجلی کا بل 45 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا ہے جس سے ان کی صحت کے موجودہ مسائل بڑھ گئے جن میں 4 ہارٹ اٹیک اور فالج شامل ہیں۔

مزید برآں معروف فلمسٹار نشو بیگم بھی اپنے ایک لاکھ روپے کے بجلی کے بل پر ناراض ہیں۔

’بل اتنا ہولناک ہے کہ عقل کام نہیں کرتی‘

عثمان پیرزادہ نے کہا کہ میں اکثر سوچتا ہوں جو لوگ مالی طور پر کمزور ہیں وہ بجلی کے بغیر اس شدید گرمی میں کیسے زندہ رہیں گے؟

انہوں نے کہا کہ لوگ سولر پینلز کا رخ کر رہے ہیں لیکن ٹیکنالوجی بدل چکی ہے اور ہر چیز پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں جس سے لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔

عثمان پیرزادہ نے کہا کہ ان کا بجلی کا بل اتنا ہولناک ہے کہ عقل ہی کام نہیں کر رہی کہ میں اب کروں کیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp