بوڑھے درختوں کو گود لے کر انہیں دوبارہ زندگی دینے والا رضاکار

جمعرات 18 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’جس طرح عبدالستار ایدھی نومولود بچوں کو گود لے کر ان کی پرورش کرتے تھے، اسی طرح میں بوڑھے درختوں کو گود لے کر ان کی دیکھ بھال کرتا ہوں۔‘

یہ الفاظ تھے غلام رسول پاکستانی کے جو اپنی کیری ڈبہ گاڑی میں ضروری سامان اور میگا فون کے ساتھ شہر شہر بستی بستی جاکر لوگوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات اور درختوں کے فوائد سے آگاہ کرتے ہیں۔

بوڑھے درختوں کو گود لے کر انہیں دوبارہ سرسبز کرنے اور ملک کی سب سے بڑی کامیاب شجرکاری مہم کے عزم کے تحت کام کرنے والے پاکپتن کے غلام رسول 2010 سے درختوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ وہ پہاڑی علاقوں میں پرانے درختوں کو آگ لگانے کے سخت خلاف ہیں اور آگ لگانے والے ‘ماحولیاتی دہشتگردوں’ کو سخت سزا دینے کے حق میں ہیں۔

غلام رسول نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب 2010 میں کشمیر کے جنگلات میں آگ لگی تو وہاں جاکر انہوں نے رضاکارانہ خدمات سرانجام دینا شروع کیں۔

جنگلات میں آتشزدگی ایک بہت بڑا المیہ تھا جس کا ازالہ کرنے کے لیے غلام رسول نے ہر جلنے والے درخت کی جگہ مختلف چھوٹے پودے لگائے تاکہ اس نقصان کے اثرات پر جلد قابو پایا جاسکے۔

غلام رسول نے بتایا کہ انہوں نے پہلے موٹرسائیکل پر ملک کے مختلف علاقوں میں جاکر لوگوں کو شجرکاری کے لیے راضی کیا۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف شجرکاری کی بلکہ عوام کو ساتھ ملا کر جھیلوں اور تالابوں کی صفائی بھی کی۔ غلام رسول کے مطابق ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر شہر میں جاکر وہاں کے لوگوں کو اپنے ساتھ ملا کر کام کریں کیونکہ بعد میں انہی لوگوں نے پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہوتی ہے۔

اس مسلسل مہم میں غلام رسول لاکھوں درخت لگا چکے ہیں جبکہ پاکپتن میں ایک نرسری بھی بنائی ہے جس میں وہ پاکستان کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کی تیاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک وہ ملک بھر میں ساڑھے 16 لاکھ پودے لگا چکے ہیں جبکہ چولستان میں 2 لاکھ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ اس علاقے میں سینکڑوں ہینڈ پمپ بھی لگائے ہیں تاکہ پودوں اور مقامی افراد کو پینے کا پانی باآسانی مل سکے۔

غلام رسول نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں ماحولیاتی تبدیلی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لِیے فوری قانون سازی کرے اور عوام کو پابند کرے کہ ہر گھر میں 2 درخت اور ہر ایکڑ پر ایک درخت لگایا جائے اور اس سلسلے میں ان کی خیبر پختوںخوا حکومت کے متعدد وزرا سے بات چیت بھی ہوچکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp