آج ملک بھر میں کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

جمعرات 18 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (بروز جمعرات) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے اوقات میں گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موسمیاتی تبدیلی: گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے سیلابی صورتحال، عوام بے یارومددگار

بعد از دوپہر خیبر پختو نخوا، وسطی و جنوبی پنجاب، زیریں سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا تاہم گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کشمیر ،خطہ پوٹھوہار، اسلام آ باد، پنجاب، جنوب مشرقی یا بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں

محکمہ موسمیات نے کراچی کا موسم مزید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گرمی سے ستائے اہلِ کراچی کو بارش کب نصیب ہوگی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے اور شہر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع بھی کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد اور سمندری ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

کراچی میں شدید گرمی کی وجہ کیا ہے؟

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی میں مون سون کے دنوں میں بارش کے بجائے معمول سے زائد گرمی پڑرہی ہے، گزشتہ چند ماہ سے بحیرہ عرب کے سطح سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زائد رہ رہا ہے، زائد درجہ حرارت کے باعث بخارات معمول سے زائد فضا میں شامل ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آزادکشمیر کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں، کھمبے اکھڑنے سے بجلی کی فراہمی متاثر

شہرمیں شمال مشرق سے نم آلود ہوائیں بھی چل رہی ہیں، نم آلود ہوائیں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 55 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کررہی ہے۔

جواد میمن کا کہنا ہے کہ ایران کے قریب ہوا کا دباؤ مون سون ہواؤں کو کراچی، ٹھٹھہ اور بدین تک معمول کے مطابق پہنچنے نہیں دے رہا، ہوا کا زائد دباؤ ایک سے 2 دن میں کم ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گھر کے اندر گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے کون کون سے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں؟

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق 19 سے 21 جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے، 22 جولائی کے بعد سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کی توقع کی جارہی ہے جب کہ اگست میں کراچی میں مون سون کا اچھا اسپیل متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شدید گرمی کی وجہ نم آلود ہوائیں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp