گزشتہ 14سال میں پاکستان ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں کتنی کمی واقع ہوئی؟

جمعرات 18 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ مالی سال 24-2023ء کے پیش کردہ اقتصادی سروے کے مطابق، پاکستان ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں گزشتہ 14 برسوں کے دوران نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

 گیلپ پاکستان نے اس حوالے سے وفاقی حکومت کے جاری کردہ اقتصادی سروے کا جائزہ لیا اور سروے میں پیش کردہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ گزشتہ 14 سال کے دوران ریلوے کے ساڑھے 3 کروڑ مسافر کم ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلوے کی کتنی ٹرینیں آؤٹ سورس کی جائینگی اور اس کا عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟

گیلپ پاکستان کے مطابق، مالی سال 11-2010 میں پاکستان میں 6 کروڑ 49 لاکھ مسافروں نے ریل گاڑیوں میں سفر کیا جبکہ 24-2023 میں صرف 2 کروڑ 93 لاکھ 60 ہزار مسافروں نے ٹرینوں میں سفر کیا۔

اقتصادی سروے میں دیے گئے ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق، 14 سال کے دوران 3 کروڑ 55 لاکھ 40 ہزار کے فرق سے ریلوے مسافروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔

گیلپ پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے مطابق، ان 14 برسوں میں مسافروں کی تعداد کم اور زیادہ ہوتی رہی لیکن مجموعی طور مسافروں کی تعداد میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تین ملکی ریلوے ٹریک معاہدہ، ہمیں بس رُلنے ہی میں ’چس‘ آتی ہے 

گیلپ پاکستان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی کی وجوہات سڑکوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل میں بہتری یا پھر ریلوے کی مقبولیت میں کمی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ بوگیوں، ٹریک اور انجن کی مرمت نہ ہونا اور بڑھتے ہوئے حادثات بھی مسافروں کی تعداد میں کمی کا باعث ہوسکتے ہیں۔

ریلوے کی آمدن میں کتنا اضافہ ہوا؟

ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق، ان 14 برسوں کے دوران مسافروں کی تعداد میں کمی کے باوجود ریلوے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہو۔

2010-11 میں ریلوے کی آمدن 18 ارب 61 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ 24-2023 میں 53 ارب 70 کروڑ 70 لاکھ روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان کراچی تا پشاور جدید ریلوے لائن کی تعمیر پر اتفاق، منصوبے پر 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت آئیگی

تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 14 سال میں ریلوے کی آمدن میں 35 ارب 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔

PR-3-Econ-Survey-2023-24 by Syed Awad on Scribd

اسی طرح ان 14 برسوں میں مال گاڑیوں کی بوگیوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ 11-2010 میں پاکستان ریلوے کی مال بردار بوگیوں کی تعداد 18 ہزار 612 تھی جو 2024 میں 11 ہزار 973 ریکارڈ کی گئی۔ 14 برسوں میں 6 ہزار 639 کے فرق سے مال بردار بوگیوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔

ریلوے انجن کی تعداد کتنی کم ہوئی؟

گیلپ تجزیے کے مطابق، 11-2010 میں پاکستان ریلوے کے انجنز کی تعداد 528 تھی جو 24-2023 میں کم ہوکر 451 رہ گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp