پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل آٹو انشورنس ریپوزیٹری کا قیام، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جاری کردہ ریگولیٹری گائیڈ لائنز کی رہنمائی میں 9 انشورنس کمپنیوں نے پاکستان کی پہلی سینٹر لائزڈ آٹو انشورنس ریپوزیٹری کے قیام کے لیے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت سی ڈی سی ایک خودکار ریپازٹری کے قیام کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں:رواں سال ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں کتنی کمی آئی ہے؟

ڈیجیٹل آٹو انشورنس ریپازٹری کمپنیوں کو ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی میں سہولت فراہم کرے گا اور پاکستان میں آٹو انشورنس کی انڈر رائٹنگ کے طریق کار میں انقلابی اور مثبت اصلاحات کا باعث ہو گی۔ ایم او یو پر دستخط کرنے والی کمپنیوں میں جوبلی جنرل انشورنس کمپنی لمیٹڈ، حبیب انشورنس کمپنی لمیٹڈ، ٹی پی ایل انشورنس لمیٹڈ، آئی جی آئی جنرل انشورنس لمیٹڈ، آدم جی انشورنس کمپنی لمیٹڈ، اٹلس انشورنس لمیٹڈ، سلام تکافل لمیٹڈ، پریمیئر انشورنس لمیٹڈ اور ایشیا انشورنس کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں۔

تقریب میں چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، کمشنر انشورنس عامر خان، سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو بدیع الدین اکبر اور انشورنس انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ عاکف سعید نے ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیٹا سینٹرلائزیشن کے عالمی رجحانات کے مطابق انشورنس انڈسٹری کی ترقی کے لیے اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔ سی ڈی سی کے سی ای او بدیع الدین اکبر نے سی ڈی سی کے جدید ترین تکنیکی پلیٹ فارم اور اسی طرح کے منصوبوں میں وسیع مہارت پر تبصرہ کیا، جو آٹو انشورنس ریپوزیٹری کی ترقی اور آپریشن میں سہولت فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں:قیمتوں میں کمی کے بعد اب پاکستان میں گاڑیاں قسطوں پر بھی ملنا شروع

کمشنر انشورنس عامر خان نے انشورنس کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اس شعبے کی ترقی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کو اپنائیں۔ انہوں نےکہا کہ انہیں ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور اپنی کارروائیوں کو جدید بنانے کے سفر میں ایس ای سی پی کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp