بجلی کی فی یونٹ پیداواری قیمت کیا ہے؟ وزیرتوانائی نے بھید کھول دیا

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئندہ سال جنوری میں بجلی کی قیمت میں 3 سے 5 فیصد کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ 35 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت ہے جس میں ٹیکسز شامل نہیں ہیں، بجلی کی پیداواری قیمت 8 سے 10 روپے فی یونٹ ہے، بجلی کے ترسیلی نظام کے چارجز فی یونٹ ڈیڑھ سے 2 روپے ہیں جبکہ ڈسکوز کے اخراجات فی یونٹ 5 روپے پڑتے ہیں، سب سے بڑا خرچہ 18 روپے فی یونٹ کیپسٹی چارجز کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کی بجلی صارفین کے بِلوں میں زیادہ یونٹس شامل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

’کیپسٹی چارجز بڑھ گئے‘

اویس لغاری نے کہا کہ ساہیوال کول پلانٹ کے 2015 میں کیپسٹی چارجز 3 روپے فی یونٹ تھے، ڈالر کی قیمت بڑھنے اور شرح سود 22 فیصد تک آنے کی وجہ سے کیپسٹی چارجز بڑھ گئے ہیں، ساہیوال کول پلانٹ کے کیپسٹی چارجز 11.45 روپے فی یونٹ ہوگئے، اس وقت توانائی سیکٹر کے قرضوں کا بوجھ بجلی صارفین سے لیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کیا پاکستان میں نیٹ میٹرنگ ختم ہورہی ہے؟ وزیر توانائی نے اہم بیان دے دیا

وزیرتوانائی نے بتایا کہ کیپسٹی چارجز وہ خرچہ ہے جو حکومت قرضہ لے کر پلانٹس لگاتی ہے یا نجی سیکٹرز بجلی گھر بناتے ہیں، بجلی کے ریٹ بڑھنے سے بجلی کے استعمال میں کمی آئی ہے۔

’مقامی کوئلہ استعمال کیا جائے تو فی یونٹ 2 سے ڈھائی روپے کمی آئے گی‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ کول پلانٹس پر درآمد شدہ کوئلہ کے استعمال کے بجائے مقامی کوئلہ استعمال کیا جائے تو فی یونٹ 2 سے ڈھائی روپے کمی آئے گی، بند پلانٹس پر ساڑھے سات ارب روپے کی تنخواہیں دی جارہی ہیں، ڈسٹریبویشن کمپنیوں کا 550 سے 600 ارب روپے سالانہ خسارہ ہے۔
’ماضی کی حکومت نے اپنے سیاسی نقصان سے بچنے کے لیے قیمت نہیں بڑھائی‘

یہ بھی پڑھیں : نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بندش سے کروڑوں روپے کا نقصان، ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

اویس لغاری کے مطابق پچھلے ہفتے بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا، 2019 کے بعد حکومت نے بجلی کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھنے نہیں دی، ماضی کی حکومت نے اپنے سیاسی نقصان سے بچنے کے لیے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ 3 سے 4 سال بعد ہوا ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت ہر سال آہستہ آہستہ بڑھنی چاہیے تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp