افواج پاکستان کے بہادر سپاہیوں کی وطن سے محبت اور اس پر جان نچھاور کرنا، یوں تو ان کا طرہ امتیاز ہے، لیکن اس میں مظفرآباد آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سپاہی ثوبان مجید بلوچ نے ایک الگ ہی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں چھاؤنی پر حملہ، 8 فوجی شہید، 10 دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے تاریخ میں وطن عزیز کی سرحدوں کا تحفظ ہو یا پھر دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ، پاک فوج کے جوانوں نے بہادری کے وہ کارہائے نمایاں سرانجام دیے ہیں جن کی مثالیں دنیا میں دی جاتی ہیں۔
پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشتگردی کی جنگ کا سامنا کر رہا ہے اور پاک فوج کے جوان اس جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے اپنے لہو سے تاریخ لکھ رہے ہیں ۔
مزید پڑھیں: بنوں: سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملہ،9 اہلکار شہید، 5 زخمی
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سپاہی ثوبان مجید بلوچ شہید نے 15 جولائی 2024کوبنوں میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی بہادری اور جوانمردی سےجان کی پرواہ کیے بغیرجام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سپاہی ثوبان شہید نے نہ صرف جان کی قربانی دی بلکہ بہت سی جانوں کو بھی بچایا، سپاہی ثوبان شہید اپنے ساتھیوں کی جان بچانے کے لیے دہشتگردوں کی جانب سے پھینکے گئے گرینیڈ پر لیٹ گئے اور بڑی تباہی کے آگے ڈھال بن گئے، بہادری کی ایسی مثالیں تاریخ میں بہت کم ملتی ہیں۔
سپاہی ثوبان شہید نے اپنے حوصلے اور بہادری سےدہشتگردوں کو دوٹوک پیغام دیا کہ جب تک پاکستان کے مرد مجاہد دفاع وطن میں کھڑے ہیں دہشتگردوں کا مقدر ناکامی ہے۔
مظفر آباد سے تعلق رکھنے والے سپاہی ثوبان شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران و جوانوں سمیت سینکڑوں افرادشریک ہوئے، سپاہی ثوبان شہید کے والد کو پاک فوج کی جانب سے پیش کیا جانے والا پاکستانی پرچم گواہ ہے کہ قوم کے اس بہادر بیٹے نے بلاشبہ اپنی بہادری اور جذبہ شہادت کو ثابت کر دکھایا۔
سپاہی ثوبان شہید کی نہ بھلائی جانے والی بہادری تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔