جولائی اور اگست کے دوران سری لنکا میں ہونے والی 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ کی قیادت ہاردک پانڈیا کے بجائے سوریا کمر یادیو کو دے دی گئی، جبکہ ہاردک پانڈیا بھارتی ٹیم کے نامزد نائب کپتان تھے اور ورلڈ کپ میں اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھالے ہوئے تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے اچانک فیصلے پر کرکٹرز سمیت عوام بھی خاصی حیران دکھائی دے رہی ہے، کیونکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر گوتم گمبھیر کی یہ پہلی سیریز ہے اور 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ بھی بہت دلچسپ ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت نے ٹی20 فارمیٹ کے لیے نئے کپتان کا اعلان کردیا
گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد سب سے بڑی پیشرفت یہ سامنے آئی ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ہاردک پانڈیا نہیں بلکہ سوریہ کمار یادیو ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس سے پہلے بھی سوریہ کمار یادیو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 میں ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔
دوسری جانب ہاردک پانڈیا ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے نامزد نائب کپتان تھے اور توقع کی جارہی تھی کہ اگلے کپتان بھی یہی ہوں گے۔ تاہم، سوریہ کمار یادیو کی کپتان کے طور پر تقرری کے ساتھ یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گوتم گمبھیر اور کمپنی ممبئی انڈینز کے بلے باز کو کپتانی کے طویل مدتی امکان کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہاردک پانڈیا اور اہلیہ نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، نتاشا نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کیا کہا؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان کے طور پر بھی نامزد نہیں کیا گیا ہے، جبکہ شبمن گل کو نیا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہاردک پانڈیا کو اس فیصلے کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ ایی ایس پی این کرک انفو کے مطابق ہاردک پانڈیا کو فٹنس کے مسائل درپیش تھے، کیونکہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں وہ ٹخنے کی انجری کے بعد طویل وقفے پر چلے گئے تھے اور پھر آئی پی ایل میں واپسی کی تھی۔ بطور کپتان نا سہی لیکن ہاردک پانڈیا اس وقت ہندوستان کے بہترین تیز گیند باز آل راؤنڈر ضرور ہیں۔