وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینےکاحکم دیدیا۔
پی ڈی ایم حکومت نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ کو’ کیوریٹیو ریویو ریفرنس‘ واپس لینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ریفرنس کے نام پرجسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں اوربدنام کیاگیا۔ جسٹس قاضی فائز کےخلاف ریفرنس کوئی ریفرنس نہیں تھا، یہ ایک منصف مزاج جج کے خلاف منتقم مزاج عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔ مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن دور میں بھی اس ریفرنس کی مذمت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے صدرکے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لیے ناجائزاستعمال کیا، صدر عارف علوی عدلیہ پرحملے کے جرم میں آلہ کار اورجھوٹ کےحصہ داربنے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بارکونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس ریفرنس کی مخالفت کی تھی، اس ریفرنس سے متعلق پاکستان بارسمیت وکلا تنظیموں کی رائےکی قدرکرتے ہیں۔